• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی ایوان نمائندگان میں پاکستانی امریکن پروفیسر کو خراج عقیدت

نیویارک (عظیم ایم میاں) امریکی کانگریس کے ایوان نمائندگان میں امریکی یونیورسٹی کے ایک پاکستانی امریکن پروفیسر ڈاکٹر حفیظ ملک کی خدمات، اعلیٰ عملی صلاحیتوں اور عہد وفا کے شاندار ریکارڈ کا اعتراف کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ 29؍ جولائی کو ایوان نمائندگان کی کارروائی کے ’’کانگریشنل ریکارڈ‘‘ میں شائع کارروائی کے مطابق امریکی ریاست پنسلوانیا سے منتخب اور ری پبلکن پارٹی سے وابستہ کانگریس مین برائن فٹز پیٹرک نے ایوان میں تقریر کرتے ہوئے بڑی تفصیل سے پاکستانی نژاد پروفیسر حفیظ ملک، ان کی 60؍ سال سے زائد عرصہ تک شریک حیات پروفیسر لنڈاملک کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں ایک ’’پاورکپل‘‘ کا نام دیتے ہوئے ان کی علمی اور عملی رول کا ذکر کیا۔ امریکی کانگریس مین نے کہا کہ ڈاکٹر حفیظ ملک نے اپنے آبائی وطن پاکستان اور نئے وطن امریکا کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے میں بھی مفید کردار ادا کیا جبکہ انہوں نے مختلف اوقات میں اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ اور دیگر امریکی اداروں میں جا کرامریکی سفارتکاروں اور سینئر ملٹری آفیسرز کو لیکچرز بھی دیئے اور 60؍ سال تک ریاست پنسلوانیا کی ولانوا یونیورسٹی میں بطور پروفیسر تعلیم و تدریس اور تحقیق کی خدمات انجام دیتے ہوئے 20؍ کتابیں بھی تصنیف کیں۔ حفیظ ملک کی زندگی اور کامیابیاں صرف ان کی اپنی ذات کیلئے ہی نہیں بلکہ امریکا کیلئے بھی عظمت کی آئینہ دار ہیں۔ امریکا کے پایسی سازوں کو مسلم دنیا کے مسائل و معاملات کو سمجھنے میں ڈاکٹر حفیظ ملک کے تحقیقی اور علمی خیالات سے استفادہ کرنے میں بڑی مدد ملی۔ اپنی چارمنٹ کی خصوصی تقریر میں ری پبلکن کانگریس مین فٹز پیٹرک نے اپنے مائیک کے ساتھ ڈائس پر ڈاکٹر حفیظ ملک اور ان کی اہلیہ پروفیسر لنڈاملک کی تصویر بھی رکھیں۔ ڈاکٹر حفیظ ملک اس سال اپریل میں 90؍ سال کی عمر میں انتقال کرگئے جبکہ ان کی اہلیہ لنڈا ملک یادداشت کھونے کے باعث نرسنگ ہوم میں داخل ہیں اور ان کے بیٹے دین ملک ریاست پنسلوانیا میں رہتے ہیں۔ حفیظ ملک 1953ء میں امریکا آگئے تھے۔ سینیٹر ولید اقبال کے والد مرحوم جسٹس جاوید اقبال ان کے نہ صرف گہرے دوست تھے بلکہ حفیظ ملک نے علامہ اقبال پر کتاب بھی لکھی ہے اور جاوید اقبال کی فرمائش پر علامہ اقبال کے بارے میں دوسری کتاب لکھ رہے تھے کہ انتقال ہوگیا۔ حفیظ ملک کے شاگردوں میں امریکی سنٹرل کمان کے سربراہ جنرل زینی اور متعدد اہم عہدوں پر فائز امریکی شامل ہیں جبکہ ’’جنگ گروپ‘‘ کے سرمد علی بھی ان کے شاگرد رہے ہیں۔

تازہ ترین