• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نازیہ حسن کی برسی پر زوہیب حسن کا پیغام

20 برس قبل جہانِ فانی سے کُوچ کرنے والی پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کی برسی کے موقع پر بھائی زوہیب حسن نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تم آج بھی بہت یاد آتی ہو۔

فوٹو اور ویڈیوشیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر گلوکار زوہیب حسن نے نازیہ حسن کی ایک دلکش تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’آج دنیا بھر میں تمہیں خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔‘


انہوں نے لکھا کہ ’خراج عقیدت پیش کرنے کی وجہ محض تمہاری گلوکاری یا میوزک نہیں بلکہ تمہاری کرشماتی شخصیت، نرم دلی اور دوسروں کا خیال رکھنے والی شخصیت کی وج سے یاد کررہے ہیں۔‘

اپنے پیغام کے آخر میں زوہیب حسن نے لکھا کہ ’تمہارا بھائی تمہیں بہت یاد کرتا ہے۔‘

واضح رہے کہ پاکستان میں شعبہ موسیقی کو نئی جدت دینے والی نازیہ حسن کو اس جہاں فانی سے رخصت ہوئے آج 20 سال بیت گئے ہیں۔

نازیہ حسن 3 اپریل 1965 کو کراچی میں پیدا ہوئیں، انہوں نے امریکن کالج آف لندن سے گریجویشن کیا اور پی ٹی وی کے مشہور پروگرام ’’سنگ سنگ چلے‘‘ سے موسیقی کی دنیا میں قدم رکھا۔

نازیہ حسن نے اپنے بھائی زوہیب کے ساتھ مشرقی اورمغربی موسیقی کے ملاپ سے ایسے گیت پیش کیے جو آج بھی شائقین موسیقی میں مقبول ہیں۔

بھارتی فلم قربانی میں شامل نازیہ کے گانے ’آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے‘ نے گلوکارہ کو عالمگیر شہرت دی جبکہ نازیہ اور زوہیب کے البم ’ڈسکو دیوانے‘ نے فروخت کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

پھیپھڑوں کے سرطان کے مہلک مرض میں مبتلا  نازیہ حسن 13 اگست 2000 کو نازیہ حسن دارِ فانی سے کوچ کرگئیں۔

تازہ ترین