• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مومنہ مستحسن کا پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے پر کنگنا رناوت کو جواب

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) گلوکارہ مومنہ مستحسن نے بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کا منہ توڑ جواب دے دیا۔کنگنا رناوت کی جانب سے بے وجہ پاکستان پر تنقید کے جواب میں مومنہ مستحسن نے ان سے سوال کیا کہ آخر آپ اپنی ہر بحث میں پاکستان کو کیوں گھسیٹ لاتی ہیں؟مومنہ مستحسن نے کنگنا سے کہا کہ ایسا کرنے سے آپ کو کوئی فائدہ نہیں ہوتا اور آپ سشانت سنگھ راجپوت کیلئے انصاف، اقربا پروری کے خلاف لڑائی کے مقصد سے دور ہٹ جاتی ہیں۔مومنہ مستحسن نے کہا کہ خطے میں موجود نفرت کا پروپیگنڈاکرکے انصاف حاصل نہیں کیا جاسکتا۔اداکارہ کنگنا رناوت نے مہیش بھٹ کی فلم "سڑک 2" کے ایک ڈائیلاگ پر واویلا مچاتے ہوئے پاکستان کے خلاف اپنی نفرت کا بھرپور اظہار کیا۔ انہوں نے ایک ٹویٹ پر جواب دیتے ہوئے مہیش بھٹ کو نام لیے بغیر پاکستان کا ایجنٹ قرار دیا اور کہا کہ آخر پاکستانی ایجنٹوں کو بھارت میں نفرت پھیلانے کی اجازت کیوں دی جاتی ہے۔ خیال رہے کہ سڑک 2 کے ٹریلر میں عالیہ بھٹ نے ایک ڈائیلاگ میں کہا ہے کہ " ان گروؤں کی وجہ سے میں نے کسی اپنے کو کھویا ہے"۔ فلمی نقاد روہت جسوال نے مہیش بھٹ سے مطالبہ کیا تھا کہ گرو یا سادھو کو تبدیل کرکے اس کی جگہ مولوی یا پادری کا لفظ استعمال کیا جائے۔ اسی تجویز پر تبصرہ کرتے ہوئے کنگنا رناوت نے پاکستان کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کیا تھا۔

تازہ ترین