• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ہائی کمیشن لندن میں یوم اقلیت کی تقریب

لندن (پ ر) پاکستان ہائی کمیشن لندن نے گزشتہ روز اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر کمیونٹی کیلئے ایک تقریب کااہتمام کیا ،تقریب میں برطانیہ میں مقیم پاکستان کی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والی کمیونٹی کے معروف ارکان ، برطانوی ارکان پارلیمنٹ ،ماہرین تعلیم، دانشوروں ، ڈاکٹروں ، صحافیوں اورآرٹسٹوں نے شرکت کی ،اس موقع پر پاکستان کے ہائی کمشنر نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان کا آئین بلا لحاظ رنگ ونسل اور مذہب ہر شہری کے بنیادی حقوق کی ضمانت دیتاہے ،اس میں ہر ایک کو اپنے عقائد کے مطابق عبادت کرنے اور اس کاپرچار کرنے کا حق بھی دیاگیا ہے۔انھوں نے مختلف آئینی اور قانونی اقدامات میں مذہبی اقلیتوں کے حقوق کو تسلیم کئے جانے کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اقلیتوں کیلئے نشستیں مخصوص کی گئی ہیں تمام صوبائی اسمبلیوں میں بھی ان کیلئے نشستیں مخصوص ہیں ،وفاقی حکومت کے تمام محکموں کی ملازمتوںمیں اقلیتوں کیلئے 5فیصد کوٹہ مختص ہے۔جبکہ انھیں کھلی نشستوں پر بھی انتخاب لڑنے کی پوری آزادی ہے۔ وزیر مذہبی امور وبین المذاہب آہنگی کی زیر صدارت قومی کمیشن پاکستان میں اقلیتوں کے مذہبی ،سماجی اور ثقافتی حقوق کا تحفظ کرتا ہےاور بین المذاہب ہم آہنگی کی قومی پالیسی پر نظر رکھتاہے۔ اس کے تحت تمام مذہبی اقلیتوں کو قومی زندگی کے تمام شعبوں میں مساوی اور موثر شرکت کو یقینی بنایاجاتاہے۔انھوں نے کہا کہ بدنہاد عناصر بیرونی مدد سےمعاشرے میں تفریق کے بیج بونے کی کوشش کررہے ہیں اور اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے صورت حال سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں انھوں نے کمیونٹی اور فرینڈز آف پاکستان کو اس طرح کے حربوں سے ہوشیار رہنے کا مشورہ دیا۔ انھوں نے کہا کہ آج یہ دن منانے کامقصد تحریک آزادی پاکستان میں قربانیاں دینے والے اور پاکستان کی ترقی و خوشحال اورنیک نامی کیلئے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے والےاقلیتی برادری سے تعلق رکھنے ارکان کوخراج عقیدت اورخراج تحسین پیش کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ تمام پاکستانی قیام پاکستان اورپاکستان کی ترقی میں اقلیتی برادری کی خدمات اورقربانیوں کا اعتراف کرتے ہیں اور ان کے معترف اور مشکور ہیں ،نفیس زکریا نے طالب علم نادوب گل کی کامیابی کی تعریف کی اور کہا کہ ندوب گل نے کورونا وائرس کے دوران اپنی صلاحیتوں اورمہارت کو جلا بخشی اور ورلڈ ریکارڈ قائم کرکے پاکستان اور برطانیہ دونوں کانام اونچا کیا۔انھوں نے ندوب گل کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے اس کی حوصلہ افزائی کرنے اور اس کی درست سمت میں رہنمائی کرنے پر اس کے والدین کی بھی تعریف کی اور ندوب گل کو ایک لیپ ٹاپ اورایک سرٹیفکٹ تحفے کے طورپر دیا۔انھوں نے شرکا کو مقبوضہ کشمیر میں محصور کشمیریوںکی حالت زار سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کشمیری گزشتہ ایک سال سے زیادہ عرصے سے بھارت کی قابض فوج کے محاصرے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور انھیں ان کے بنیادی حقوق سے محروم کردیاگیااور پوری دنیا سے ان کارابطہ مکمل طورپر کاٹ دیاگیا ہے،انھوں نے کہا کہ مواصلاتی سلسلہ منقطع کردئے جانے اور میڈیا کی رسائی نہ ہونے کی وجہ سے وادی میں ماورائے عدالت زیر حراست کشمیریوں کی شہادتوں،جبری حراست،عصمت دری اور جنسی ہراسانی اور املاک کو تباہ کئے جانے کی کوئی خبر سامنے نہیں آپاتی۔اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے کنگز کالج میڈیکل اسکول لندن کے سینئر لیکچرار ڈاکٹر پیٹر ڈیوڈ نے اقلیتی برادری کے حقوق کے فروغ اور ان کی بہبود کیلئے حکومت پاکستان کی جانب سےکئے جانے والے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ یہ کوششیں جاری رکھی جانی چاہئیں۔ انھوں نے برطانیہ میں رہنے والی پاکستان کی اقلیتی کمیونٹیز کی باتیں سننے ان کی ممکنہ طورپر معاونت کرنے اور ہمیشہ ان کاخیرمقدم کرنے پر ہائی کمشنر کابھی شکریہ ادا کیا۔ آخر میں مائیکل ماسے جنھوں کونسلر جیمز شیرا کا خیرسگالی کاپیغام پہنچایا نے شرکا کا شکریہ ادا کیا۔  

تازہ ترین