کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاق نے کراچی کو اپنی کالونی بنانے کی کوشش کی تو مخالفت کرینگے،وفاقی حکومت سندھ کے دارالحکومت کراچی پر قبضہ کرنا چاہتی ہے اور ہمیں کالونی بنانا چاہتی ہے.
غیر آئینی اقدام کو عدالتی تحفظ ملا تو قبول نہیں کریں گے، پانی، سیوریج سمیت تمام مسائل کی وجہ این ایف سی میں صوبوں کا حق نہ ملنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعرات کو کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ بلاول بھٹو نے سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی (سی ای سی) کا ہنگامی اجلاس کل طلب کرلیا ۔
پریس کانفرنس میں بلاول نے مزید کہا کہ سندھ کیخلاف کسی بھی غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام کی مخالفت کی جائے گی، سندھ کے ساتھ وفاق بار بار نا انصافی کر رہا ہے، جب قوم کورونا سے لڑ رہی تھی تو وفاق حقوق چھیننے میں مصروف تھا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ پانی اور سیوریج سمیت تمام مسائل کی وجہ قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) میں صوبوں کا حق نہ ملنا ہے.
ہمیں وفاق سے این ایف سی کا حصہ کم مل رہا ہے جب کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد صوبوں کو زیادہ کام دیئے گئے ہیں۔