• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئین سب کیلئے برابر ہے، بطور شہری حقوق بھی برابر ہیں، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ

 چیف جسٹس  اطہرمن اللّٰہ کا پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب 


چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہرمن اللّٰہ کا یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ آئین سب کیلئے برابر ہے، بطور شہری حقوق برابر ہیں، پرچم میں سبز رنگ مسلمانوں اور سفید اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں پرچم کشائی کے تقریب سے خطاب میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہرمن اللّٰہ نے کہا کہ ہم پرچم کشائی کرتے ہیں اوربھول جاتے ہیں کہ یہ دن کیوں مناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی قائدانہ صلاحیت اور اصولوں کی وجہ سے آزادی ملی ،انہوں نے ایمان، اتحاد اور تنظیم کا درس دیا، ہم نے دیکھنا ہے کہ کیا ہم قائداعظم کے اقوال پرعمل کر رہے ہیں۔

چیف جسٹس اطہرمن اللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پلانٹ فار پاکستان کی مہم شروع کی وہ صرف ایک مہم نہیں، ماحولیات کے ساتھ جوکچھ کیا اگرہم آج نہیں جاگے تو نسلیں متاثرہوں گی، ہم نے بھی آج شجرکاری مہم میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو قدرتی آفات سے بچانا ہے تو ماحولیات کو بہتربنانا ہے، ہم قائداعظم کے اقوال پر عمل کریں تو یہ واقعی قائداعظم کا پاکستان بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہائیکورٹ کا ہر ملازم ایک ایک پودا لگائے گا۔

تازہ ترین