آپ آف لائن ہیں
منگل12؍جمادی الثانی 1442ھ 26؍جنوری 2021ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

پاکستان بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے دنیا کا بہترین ملک ہے، عمران اسماعیل

لندن(ودود مشتاق) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت ترقی کی منازل طے کر رہا ہے اور سرمایہ کاری کے حوالے سے یقینی طور پر پاکستان کے اندر بہت بڑی تبدیلی آ رہی ہے۔ وہ گزشتہ روز یوکے پاکستان بزنس کونسل کی جانب سے پہلی آن لائن سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ گورنر عمران اسماعیل نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں بیرون ملک سے آنے والے سرمایہ کار اب پاکستان پر اعتماد کر رہے ہیں، پاکستان نہ صرف دیگر شعبہ جات میں بلکہ پراپرٹی اور اس سے منسلک سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک بہترین ملک سمجھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کا مشن ہم سب مل کر مکمل کر سکتے ہیں اور یہ مشن ہے کہ پاکستان کو انتہائی اہم اور ترقی یافتہ ملک بنایا جائے ۔ اپنے خطاب میں وزیرِ اعظم کے ترجمان برائے اوورسیز ٹریڈ صاحبزادہ جہانگیر نے کہا کہ عمران خان پر پوری دنیا نے آنکھیں بند کر کے اعتماد کیا ہے اس کی واضح مثال نمل یونیورسٹی، شوکت خانم ہسپتال اور دیگر وہ سارے پروجیکٹ ہیں جنہیں عمران خان نے

نہ صرف شروع کیا بلکہ ان کو پایا تکمیل تک پہنچایا ۔ آج وزیراعظم عمران خان خود ایک بہت بڑی گارنٹی ہیں ہر اس سرمایہ دار کے لیے جو پاکستان میں آ کر سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے۔ چیئرمین یو کے پاکستان بزنس کونسل جاوید ملک نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان کے ساتھ ہر لحاظ سے ہمیشہ مخلص رہے ہیں اور ان کی خدمات پاکستان کے لئے ہمیشہ پیش رہی ہیں، سرمایہ کاری کا شعبہ ہو یا کوئی اور جب بھی پاکستان کو اوورسیز پاکستانیوں کی ضرورت پیش آئی تو اوورسیز نے ہمیشہ صفحہ اوّل پر رہتے ہوئے ہر قسم کی قربانی دی ہے ۔ انہوں نے کہا یو کے پاکستان بزنس کونسل ہر ممکن کوشش کرے گی کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کو یقینی بنایا جائے اور تمام کاروبار چاہے وہ برطانیہ سے ہوں پاکستان سے ہو یا دنیا کے کسی اور ملک سے آپس میں مل کر کام کریں اور کاروباری روابط کو بڑھا کر پاکستان کے لیے ترقی کا باعث بنیں ۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے یورپ سے انخلاء کے بعد اس وقت برطانیہ کامن ویلتھ کے تمام ممالک سے کاروباری روابط بڑھانے پر غور کر رہا ہے اور دیکھ رہا ہے۔ یہ بڑا اہم موقع ہے کہ ہم برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط کریں۔ اپنے خطاب میں پاکستان ہائی کمیشن لندن میں تعینات ٹریڈ منسٹر شفیق شہزاد نے کہا کہ کورو نا کے بعد پوری دنیا کے ممالک اکانومی کے بحران کا شکار ہیں اور کئی ممالک تو اس بحران پر قابو پانے میں ناکام رہے ہیں ، یہ موقع ہے کہ ہم سب کو مل کر اس حوالے سے سوچنا ہے اور مل کر کام کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ یوکے پاکستان بزنس کونسل اور تمام تنظیمیں مل کر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کے ساتھ نہ صرف ہماری اکانومی کو بہتر بنا سکتی ہیں بلکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کو یقینی بنایا جا سکتا ہے ۔یو کے پاکستان بزنس کونسل یوکے چیپٹر کے صدر سلیم شیخ نے شرکا کواس پلیٹ فارم سے کاروباری حوالے سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ہماری کوشش رہے گی کہ آپ سب کے کاروبار میں ترقی اور خوشحالی کے لیے کوششیں کرتے رہے ۔ کانفرنس سےیوکے پاکستان بزنس کونسل پاکستان چیپٹر کے صدر خورشید برلاس اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

یورپ سے سے مزید