• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیریں مزاری نے اپنی ہی حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کا اعتراف کرلیا، مصطفیٰ نواز کھوکھر

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر شیریں مزاری نے اپنی ہی حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کا اعتراف کرلیا ہے۔

ترجمان چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر انسانی حقوق کے بیان سے واضح ہوگیا کہ کشمیر پر حکومتی پالیسی تقریروں اور بیانات تک محدود ہیں۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر نہ کرنا صرف وزارتِ خارجہ کی نہیں وزیراعظم عمران خان کی بھی ناکامی ہے۔

انھوں نے کہا کہ قوم اور اپوزیشن تو جانتے ہی تھے کہ یہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہے۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ اب حکومت کی صفوں سے بھی ہر شعبے میں ناکامی کی آوازیں آنے لگی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان حکومت کی ناقص خارجہ پالیسی نے کشمیر کاز کو بہت بڑا نقصان پہنچایا ہے۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر تقریروں اور بیانات سے نہیں موثر اور مدبرانہ سفارتکاری سے اجاگر ہو سکتا ہے۔

ترجمان بلاول بھٹو نے کہا کہ اس حکومت کو سفارتکاری کی الف ب کا بھی نہیں پتا تو سفارتکاری کرتے کیسے؟

مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ جب کشمیریوں کو ہمارے وزیرِ خارجہ کی ضرورت تھی تب وہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن پر چڑھائی کرتے رہے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا تھا کہ وزیراعظم نے اپنی تقاریر اور بیانات سے تن تنہا کشمیر کا بیانیہ بدل کر دکھایا۔

ساتھ میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دفتر خارجہ اور دیگر اداروں نے وزیراعظم کی کوششوں اور کشمیریوں کی جدوجہد کو ناکام بنایا۔

تازہ ترین