بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان اپنی آئندہ آنے والی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی شوٹنگ کے لیے ان دنوں ترکی میں ہیں، جہاں بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکٹ کی مصروفیات کی تصاویر اور ویڈیوز بھی آنا شروع ہوگئی تھیں۔
انہی تصاویر میں ان کی ترکی کی خاتون اول کے ساتھ تصاویر بھی انٹر نیٹ پر وائرل ہوئی ہیں۔
صدر رجب طیب اردوان کی اہلیہ اور ترکی کی خاتون اول نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ ہینڈل پر بالی ووڈ سپر اسٹار عامر کے ساتھ اپنی چند تصاویر شیئر کیں اور انہوں نے لکھا کہ انہیں بڑی خوشی ہوئی ہے کہ ان کی عالمی شہرت یافتہ بھارتی اداکار، فلم ساز اور ہدایت کار عامر خان سے استنبول میں ملاقات ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس بات پر بھی بہت خوش ہیں کہ عامر خان نے اپنی نئی فلم لال سنگھ چڈھا کی ترکی کے مختلف علاقوں میں شوٹنگ کا فیصلہ کیا ہے، جس کی کہ میں منتظر ہوں۔
واضح رہے کہ ترک خاتون اول ایمان اوردگان نے جو تصاویر شیئر کی ہیں ان میں وہ استنبول کے حوبر مینشن کی بالکونی میں عامر خان سے محو گفتگو ہیں، تصاویر میں وہ ہمیشہ کی طرح مسکراتے ہوئے نظر آرہے ہیں، جبکہ ان کی سالٹ اینڈ پیپر اسٹائل ان کی مکمل تیاری کو ظاہر کررہا ہے۔
یاد رہے کہ لال سنگھ چڈھا کی شوٹنگ اس وقت رک گئی تھی جب بھارتی حکومت نے کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کی وجہ سے اس سال مارچ میں ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا، یہ فلم جسے اس برس ریلیز ہونا تھا اب آئندہ برس ریلیز ہوگی۔
اس فلم میں عامر خان کے ساتھ کرینا کپور خان بھی ایک اہم کردار میں نظر آئیں گی۔ یہ فلم ٹام ہینکس کی ہالی ووڈ مووی فاریسٹ گمپ کا ایک آفیشل ایڈاپشن ہے اور یہ آئندہ سال ریلیز ہوگی۔