• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنگنا رناوت کی عامر خان کے سیکولرازم پر تنقید

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ اداکار عامر خان ان دنوں اپنی فلم ’لال سنگھ چڈھا’ کی شوٹنگ کے لئے ترکی میں موجود ہیں۔ اس دوران انہوں نے ترکی کے صدر طیب اردگان کی اہلیہ ایمن اردگان سے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات کی تصویر وائرل ہوتے ہی ہنگامہ مچ گیا۔

خاتون اول ایمن اردگان کی طرف سے اس ملاقات کی تصویریں شیئر کرنے کے بعد عامر خان تنقید کے نشانے پر آگئے ہیں۔ یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 کے ہٹائے جانے کے خلاف گزشتہ دنوں ترکی نے اپنا بیان دیا تھا۔اب اداکارہ کنگنا رناوت کی ٹیم نے عامر خان کا ایک پرانا ویڈیو شیئر کرکے ان کے سیکولرازم پر تنقید کی ہے۔

اس ویڈیو میں عامر خان یہ کہتے ہوئے نظر آرہے ہیں کہ وہ اپنے بچوں کو پوری سختی کے ساتھ اسلام پر عمل کرنے کی ہدایت دیں گے۔ دراصل، عامر خان سے پوچھا گیا تھا کہ کیا ہندو لڑکی سے شادی کرنے کے بعد انہیں کسی طرح کی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا تھا۔بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کی ٹیم نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’ہندو+مسلم= مسلم یہ تو شدت پسند ہے، شادی کا نتیجہ صرف جین اور ثقافت کا مرکب نہیں ہے بلکہ مذہب کا بھی ہے۔ بچوں کو اللہ کی عبادت بھی سیکھائیں اور شری کرشن کی بھکتی بھی، یہ سیکولرازم ہے؟ عامر خان’۔

ایک اور ٹوئٹ میں کنگنا رناوت کی ٹیم نے کہا کہ’آپ تو سب سے زیادہ ٹولرینٹ تھے۔

آپ سب سے ہندوازم کے لئے انٹولرینٹ ہوگئے؟ ہندو ماؤں کی اولادیں جن کی رگوں میں شری کرشن اور شری رام کا خون بہہ رہا ہے، سناتن دھرم، ہندوستانی ثقافت، یہاں کی تہذیب وثقافت جن کا ورثہ ہے، وہ صرف اور صرف اسلام کو فالو کریں گے، ایسا کیوں؟’۔

تازہ ترین