اسلام آباد (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) نے پارک لین کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کیخلاف ضمنی ریفرنس دائر کر دیا ہے۔ دائر ریفرنس میں آصف علی زرداری سمیت19ملزمان کے نام شامل ہیں۔ ریفرنس احتساب عدالت اسلام آباد میں دائر کیا گیا ہے۔ ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ اقبال میمن اور یونس قدوائی بھی پارک لین میں شئیر ہولڈر تھے، ضمنی ریفرنس میں کرپشن کی رقم 1.5 بلین سے بڑھ کر 3.74 بلین اور وعدہ معاف گواہان کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ ریفرنس میں 3 مزید ملزمان کو شامل کیا گیا ہے۔ ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری پارک لین میں 25-25فیصد کے شراکت دار ہیں اور نیب کے سامنے شراکت داری کا اعتراف کر چکے ہیں۔ ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل رجسٹرار ایس ای سی پی کے افسران نے پارک لین کے معاہدوں اور جعلی دستاویزات میں مدد کی۔ جعلی دستاویزات پر کمپنی نے قرضہ لیا اور بعد ازاں قرضہ واپس کرنے سے انکار کیا۔