کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے رکن بلوچستان اسمبلی مبین خان خلجی نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بجلی کے مسئلے پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے ، انرجی ڈیپارٹمنٹ اور کیسکو حکام کے ساتھ مل کر کوئٹہ کو آئیڈیل بنائیں گے ۔ یہ بات انہوں نے سریاب گرڈ اسٹیشن میں جان محمد روڈ کے لئے نئے فیڈر کے افتتاح کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر کیسکو کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔ مبین خان خلجی نے کہا کہ مذکورہ فیڈر سے جناح روڈ ، جان محمد روڈ ، فقیر محمد روڈ ، کواری روڈ ، شاو کشا روڈ کے 8 ہزار صارفین استفادہ کررہے ہیں ان علاقوں میں پہلے 7 سے 8 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جاتی تھی اب کم ہوگی اس کے لئے کیسکو اور حکومت نے مل کام کیا جس کی بدولت اب بجلی کے حوالے سے بہتری آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کیسکو حکام سے شہر کے دیگر علاقوں میں بجلی کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ہے،کیسکو حکام نے شہر میں 100 کے وی کے 100 ٹرانسفارمرز کی استعداد میں اضافہ کرکے دو سو کے وی کردیا ہے۔