• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی اے سی اجلاس کے منٹس ٹھیک نہ ہوئے تو فیصلہ تبدیل کرنے والوں کو بےنقاب کردونگا، ایاز صادق

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے گزشتہ اجلاس کے منٹس میں درستی نہیں کی گئی تو فیصلے تبدیل کرنے والوں کو بے نقاب کردوں گا۔

مسلم لیگ (ن) کے رانا تنویر کے زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں گزشتہ اجلاس کے منٹس تبدیل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

اجلاس کے دوران لیگی رکن اسمبلی سردار ایاز صادق نےکہا کہ گزشتہ پی اے سی کے میٹنگ منٹس میں سے کچھ فیصلےحذف کیے گئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ یہ کوئی سادہ معاملہ نہیں، متعلقہ محکموں سے مل کر منٹس تبدیل کیے جاتے ہیں۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ گزشتہ میٹنگ کی ریکارڈنگ سن کر منٹس درست کیے جائیں، اگر درستی نہ کی گئی تو فیصلے تبدیل کروانے والوں کو بے نقاب کروں گا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کے 9 ٹربیونلز میں سے 7 کے ممبرز ہی نہیں ہیں، اس کی وجہ سے بہت سے ٹیکس کیسز زیر التوا ہیں۔

انھوں نے کہا کہ وزارتِ قانون نے ممبرز کی تعیناتی کے قوانین بنانے کے لیے ڈیڑھ سال کا وقت مانگا ہے۔

سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ قوانین سے متعلق فیڈرل سروس کمیشن میں بھی ڈیڑھ سال ہی لگنے کا امکان ہے۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں سیکرٹری قانون اور اٹارنی جنرل پاکستان کو طلب کر لیا ہے۔

چیئرمین پی اے سی رانا تنویر نے کہا کہ پچھلے سال پی اے سی نے 60 ارب روپے کی ریکوری کروائی، گزشتہ 6 ماہ میں صرف 6 ارب 60 کروڑ روپے کی ریکوری کی گئی۔

آڈیٹر جنرل پاکستان کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے حالیہ مہینوں میں ریکوری متاثر ہوئی، ریکوری کا انحصار پی اے سی کے تواتر کے ساتھ اجلاسوں پر ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ پی اے سی کے جتنے زیادہ اجلاس ہوں گے ریکوری بڑھے گی۔

تازہ ترین