ملتان(سٹاف رپورٹر،نمائندگان جنگ)ملتان سمیت کئی شہروں میں ینگ ڈاکٹر ز نے مطالبات کے حق میں مظاہرے کئے اورریلیاں نکالیں، ملتان میں ینگ ڈاکٹر ز نے نشتر ہسپتال کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ڈسٹرکٹ جیل موڑ تک احتجاجی ریلی نکالی،ڈاکٹروں نے چوک پردھرنا دے کر روڈ کو بلاک کردیا ،مظاہرے کی قیادت ڈاکٹر کبیر ، ڈاکٹر حسن چاون ، ڈاکٹر فیصل عزیز ، ڈاکٹر ضیاء اور دیگر عہدیداروں نےکی ،ڈاکٹروں نے حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی ، ڈاکٹروں کا کہناتھا کہ حکومت وعدے کے مطابق تنخواہوں میں اضافہ کرے ،ڈاکٹروں کی ابتدائی تعیناتی گریڈ 18 میں کی جائے، سروس سٹرکچر کا فوری نفاذ کیا جائے تنخواہوں سے کٹوتی بند کی جائے اور ادویات کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے ،دوسری طرف ڈاکٹروں کے احتجاج کی وجہ سے صبح گیارہ بجے کے بعد آؤٹ ڈور وارڈ کوبند کردیا گیا جس سے مریضوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ، ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہےکہ 21 اپریل کو ملتان سمیت صوبہ بھر میں احتجاج کیا جائے گا ۔ لیہ میںڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ڈاکٹرز نے بھی احتجاجی ریلی اور مظاہر ہ کیا،ضلعی صدر ینگ ڈاکٹر زایسوسی ایشن ڈاکٹر مہر شاہد اقبال میلوانہ نے کہاکہ مطالبا ت پورے نہ کئے گئے تو احتجاج جاری رہے گا۔ ینگ ڈاکٹرز کے احتجاج میں سینئرز ڈاکٹروں نے شرکت کی اور اظہار یکجہتی کیا۔ ڈیرہ غازیخان میں بھی ینگ ڈاکٹرنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال کے ٹراماسنٹر سے ہسپتال روڈ تک احتجاجی ریلی نکالی ، مظاہرین نے سرکاری امور کا بائیکاٹ کیا،مظاہرہ میں ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر انجم بلوچ ، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عتیق الرحمن ، ڈاکٹر زوہیب ، ڈاکٹر مدثر المانی ، سمیت کثیر تعداد میں ڈاکٹروں نے شرکت کی اس کے علاوہ نرسنگ ایسو سی ایشن ، پیرا میڈکز ، میڈیکل سٹوڈنٹس بھی موجود تھے،مظاہرین نے کہا کہ ہسپتال میں ایکسرےسی ٹی سکین مشینوں کی کمی کوپورا کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالج کی رجسٹریشن کے بعد ایم ایل سی اورپوسٹ مارٹم کو متعلقہ شعبہ فرانزک میڈیسن میں منتقل کیا جائے۔رحیم یارخان میں ینگ ڈاکٹر زایسوسی ایشن شیخ زید ہسپتال کے زیر اہتمام مطالبات کے حق میں احتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی کی قیادت ڈاکٹر شبیر وڑائچ نے کی ۔ریلی میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر امجد ،ڈاکٹر عدیل عارف ودیگر ڈاکٹرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔راولپنڈی،لاہور اور فیصل آباد میں بھی ینگ ڈاکٹرز نے مظاہرے کئے،لاہور میں ینگ ڈاکٹرز مریضوں کو تڑپتا چھوڑ کر سڑکوں پر آگئے ، فیصل آباد میں آئوٹ ڈور کو بند کر کے الائیڈ ہسپتال کے باہر روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا، ٹریفک جام ہونے سے شہریوں اور احتجاجی ڈاکٹرز کے درمیان تکرار ہوتی رہی ۔ لاہور میں ینگ ڈاکٹرز نے مرکزی شاہراہیں بند کر دیں ۔ کینال روڈ ، جیل روڈ ، مال روڈ اور فیروز پور روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔راولپنڈی میں ڈاکٹروں نے بینظیر بھٹو ہسپتال کے باہر مری روڈ بلاک کر شدید نعرے بھی کی ۔