ملتان(آئی این پی) ملتان میں قائم بسکٹ فیکٹری میں گیس لیکیج سے خواتین سمیت 40 مزدوربے ہوش ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق بہاولپور روڈ پرواقع ایک نجی بسکٹ فیکٹری میں کام کے دوران پیکنگ ڈیپارٹمنٹ میں گیس لیکیج ہوئی جس سے مزدوروں کے پیٹ میں درد ہوا اوروہ یکے بعد دیگرے بے ہوش ہوگئے۔ دیگر مزدوروں نے جب یہ صورتحال دیکھی تو فیکٹری مالک جاوید کو اس ساری صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے فیکٹری بند کرنے کا مطالبہ کیا تاہم مالک نے کہا کہ مزدور بہانے کررہے ہیں۔ جب معاملہ ہاتھ سے نکل گیا تو فیکٹری مالک نے معاملہ چھپانے کیلئے بے ہوش ہونے والے مزدوروں کوپرائیویٹ ہسپتال منتقل کردیا ،بے ہوش ہونے والے مزدوروں میں 20 خواتین مزدور بھی شامل ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زیر علاج ملازمین میں خواتین کی بڑی تعداد ہے جب کہ کئی کی حالت تشویشناک ہے ۔ذرائع کے مطابق فیکٹری میں چند روزقبل ہی نیا پلانٹ نصب کیا گیا تھا، گزشتہ روزپلانٹ سے زہریلی گیس کے اخراج کے باعث اسے بند کردیا گیا تاہم جب اسے دوبارہ چلایا گیا تو کچھ ہی دیرمیں پلانٹ سے دوبارہ گیس خارج ہونے لگی،جس سے وہاں کام کرنے والے مزدوروں کی حالت غیر ہوگئی۔