• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پسند کی شادی کرنیوالی لڑکی کو دارالامان بھیجنے کا حکم

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پسند کی شادی کرنے والی لڑکی اریبہ سلیم کو دارالامان بھجوا دیا ۔ جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے پسند کی شادی کرنے والی لڑکی اریبہ سلیم کی والدہ لبنی کنول کی درخواست کی سماعت کی۔ عدالت میں نادرا کا ریکارڈ پیش کیا گیا جس کے مطابق لڑکی کی عمر ساڑھے پندرہ سال ہے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد محمودنے کہا کہ نکاح خواں نے عمر تقریباً اٹھارہ سال لکھی تاکہ لڑکی بالغ تصور ہو۔ جسٹس عامر فاروق نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کیا نکاح خواں کو بلا کر پوچھا ہے؟ پرچہ تو اس کے خلاف ہونا چاہئے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ ایسے نکاح وکیل کے پاس یا کسی منشی کے پھٹے پر ہوتے ہیں۔ لڑکی نے کہا کہ اس کی عمر 17 سال سے زیادہ ہے ، والدہ نے ریکارڈ میں عمر کم لکھوائی۔ اپنی پسند سے کورٹ میرج کی، والدہ سے ملاقات نہیں کرنا چاہتی۔ لڑکی نے عدالتی استفسار پر بتایا کہ اس کے شوہر کی عمر 20 سال ہے اور وہ کوئی کام نہیں کرتا۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ کم از کم ایک ہفتے تک دارالامان رہو ، خاوند کے ساتھ نہیں۔ پٹیشنر کی وکیل نے کہا کہ پولیس لڑکی کی ماں کو ہراساں کر رہی ہے جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔
تازہ ترین