محکمۂ موسمیات نے آج سے پیر تک کراچی سمیت سندھ بھر میں بارش کی پیشگوئی کر دی، جبکہ نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خطرے سے بھی آگاہ کیا ہے۔
ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات عبدالقیوم بھٹو کے مطابق شہر میں کل شام بارش کا آغاز ہو سکتا ہے، کل 20 سے 30 ملی میٹر بارش ہوسکتی ہے۔
ہفتے اور اتوار کو کراچی میں بارش کی شدت زائد ہو گی، ان 2 دنوں میں 40 سے 50 ملی میٹر سے زائد بارش کا امکان ہے۔
سسٹم کے مزید آگے بڑھنے کی صورت میں بارش کی شدت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
بارش کا سلسلہ پیر تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں اربن بلڈنگ کا بھی خطرہ رہے گا۔
سسٹم کے آگے بڑھنے سے بارش کی شدت زائد اور بارش 70 سے 80 ملی میٹر تک بھی جاسکتی ہے۔
لاہور، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاول پور، بہاول نگر اور راجن پور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش کا امکان ہے۔
ادھر مشرقی بلوچستان میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا، ہرنائی میں سیلاب کے خطرے کے بعد علاقہ مکینوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی شروع ہو گئی۔
بلوچستان کے شہر ہرنائی میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کے بعد پہاڑی علاقوں میں تیز طوفانی بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، رابطہ سڑکیں متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ پنجاب قومی شاہراہ پر ٹریفک معطل ہو گیا۔
ہرنائی شہر اور مختلف دیہاتوں میں سیلاب کے خطرے کے بعد علاقہ مکین محفوظ مقامات پر منتقل ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
پنجاب کے کئی شہروں میں بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے، مکانات کی چھتیں گرنے اور دیگر حادثات میں 18 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
جمعرات کی شام لاہور اور اس کے گرد و نواح میں موسلا دھار بارش نے شہر میں جل تھل ایک کر دیا، جبکہ موسم خوش گوار ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں آج بھی تیز بارش کا امکان
گجرات شہر اور گرد و نواح میں بھی موسلا دھار بارش جاری ہے۔
منڈی بہاء الدین، جہلم، گوجرہ، چیچہ وطنی، کامونکی سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔
بارش سے فیصل آباد اور سرگودھا سمیت ریجن بھر میں 100 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔
مری، مانسہرہ، شمالی وزیرستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا۔
آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش سے حسین وادیاں نکھر کر مزید حسین ہو گئیں۔
مون سون کی بارشوں کے باعث دریائے جہلم میں طغیانی کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔