پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما، سینیٹر، سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کہتے ہیں کہ حاصل بزنجو کی ساری زندگی جذبات سے بھری تھی۔
سینیٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما، سینیٹر و سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کا کہنا ہے کہ حاصل بزنجو کی موت نہیں ہوئی، اصولی سیاست، نظریاتی جدوجہد کرنے والوں کا ایک حصہ مر گیا۔
انہوں نے کہا کہ حاصل بزنجو نے اصولوں، آئین کی حکمرانی، جمہوریت اور صوبائی خود مختاری کی سیاست کی، ان جیسا صاف اور ایماندار سیاستدان اب پاکستان کی سیاست میں نہیں ہو گا۔
سینیٹر رضا ربانی کا مزید کہنا ہے کہ حاصل بزنجو جیسے جو چند سیاستدان رہ گئے ہیں وہ بھی چل بسیں گے، تمام ادارے جو آئین کے تحت کام کر رہے ہیں وہ آئین کے دائرہ اختیار میں رہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: میر حاصل خان بزنجو کی میت کراچی سے بلوچستان روانہ
سابق چیئرمین سینیٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ حاصل بزنجو کی موت کہہ رہی ہے کہ وفاق کو بچانا ہے تو مذاکرات کرنا ہوں گے، پارلیمان کو مذکرات کی قیادت کرنا ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و سینیٹر میر حاصل بزنجو 63 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئے، ان کی تدفین آبائی علاقے نال میں کی جائے گی، نیشنل پارٹی نے 10 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔