مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف کہتے ہیں کہ حاصل بزنجو بہت بڑے آدمی تھے، انہوں نے ساری عمر جمہوریت کی بقا کیلئے جدوجہد کی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران گزشتہ روز انتقال کر جانے والے نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و سینیٹر میر حاصل بزنجو کے ایصالِ ثوات کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی، فاتحہ خوانی سید محمود علی شاہ نے کروائی۔
قومی اسمبلی اجلاس میں خواجہ آصف نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں آج اس میر حاصل بزنجو کی طرح کی سوچ کے قائدین اور رہنماؤں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری پارٹی اور قائد میاں محمد نواز شریف کےساتھ حاصل بزنجو کا محبت اور قربت کا رشتہ تھا، اپنی پارٹی کی طرف سے دلی غم کا اظہار کرتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیئے: سینیٹر میرحاصل بزنجو انتقال کرگئے
مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف کا یہ بھی کہنا ہے کہ میر حاصل بزنجو کی قد آور شخصیت کو مدِ نظر رکھ کر سینیٹ کی طرح قومی اسمبلی کا اجلاس بھی ملتوی کیا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و سینیٹر میر حاصل بزنجو 63 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئے، ان کی تدفین آبائی علاقے نال میں کی جائے گی، نیشنل پارٹی نے 10 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔