کوئٹہ میں انسداد تشنج کی چھ روزہ مہم آج (22 اگست) سے شروع ہورہی ہے۔ مہم کے دوران 5 لاکھ 18 ہزار سے زائد خواتین کو حفاظتی ٹیکے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
محکمہ صحت کے حکام کے مطابق ضلع کوئٹہ میں انسداد تشنج کی مہم 22 اگست سے 27 اگست تک جاری رہے گی، خصوصی مہم کے دوران 15 سے 49 سال تک شادی و غیر شادی شدہ خواتین کو تشنج سے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔
اس سلسلے میں ضلع کوئٹہ کو 50 یونین کونسلز میں تقسیم کیا گیا ہے اور 634 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ 50 میڈیکل آفیسرز کی زیر نگرانی ضلع بھر میں 5 لاکھ 18 ہزار 5 سو 38 خواتین کو حفاظتی ٹیکے لگانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
محکمہ صحت کے حکام کے مطابق بلوچستان میں تشنج کی جان لیوا بیماری سے اموات کی شرح 11 فیصد ہے۔