• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یونیورسٹیوں کی آن لائن کلاسز اورزائد فیسوں کی وصولی، اسلام آباد ہائیکورٹ نےجواب مانگ لیا

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سات یونیورسٹیز کے طلبا کی آن لائن کلاسز اور زائد فیسوں کی وصولی کے خلاف درخواست پر ایچ ای سی اور وزارت تعلیم کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے چیئرمین ایچ ای سی کو طلبا کی شکایات سن کر تحریری آرڈر پاس کرنے اور اس کی رپورٹ جمع کرانے کا بھی حکم دیا ہے۔ جمعہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے اسلامک یونیورسٹی ، نمل، قائد اعظم ، یو ای ٹی ٹیکسلا ، اقرا اور دیگر جامعات کے طلبا کی درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار وں کے وکیل نے کہا کہ انہوں نے کورونا سے بچاؤ کی ان گائیڈ لائنز کو چیلنج کیا ہے جو ایچ ای سی نے یونیورسٹیز کو دیں تھیں۔ ایسے طلباءپسماندہ علاقوں میں انٹرنیٹ نہ ہونے کی وجہ سے آن لائن کلاسز میں شریک نہیں ہو سکے۔ کلاس ڈسکشن کی بنیاد پر ملنے والے گریڈز میں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ یونیورسٹی ہاسٹل بند ہیں لیکن ہم سے ابھی تک ہاسٹل کی فیس بھی لی جا رہی ہے۔ ہاسٹل بند ہونے کے بعد دور دراز کے طلبا کے پاس گھر واپسی کے علاوہ کوئی راستہ نہیں تھا لہٰذا یونیورسٹیوں کو ٹیوشن فیس کے علاوہ ہاسٹل ، ٹرانسپورٹ جیسی سروسز کی فیس وصول کرنے سے روکا جائے۔ عدالت نے کہا کہ چیئرمین ایچ ای سی اپنے نامزد افسر کے ذریعے درخواست گزاروں کے نمائندے کو سنیں اور رپورٹ جمع کرائیں۔
تازہ ترین