• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کو واپس لانا آسان کام نہیں، شیخ رشید

وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ عمران خان کچھ بھی کر سکتے ہیں این آر او نہیں دیں گے، وہ نواز شریف کے جانے پر پہلے ہی پچھتا رہے ہیں، نواز شریف کو واپس لانا آسان کام نہیں، کوشش ہے کہ وہ واپس آئیں۔

ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کی اے پی سی محرم کے بعد بھی نظر نہیں آ رہی۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن اے پی سی کا تحریری اعلامیہ چاہتے ہیں، اے پی سی ان کے اپنے گلے پڑ سکتی ہے، وہ چاہتے ہیں کہ کسی کی بھی حکومت نہ رہے، مولانا فضل الرحمٰن چاہتے ہیں کہ ان کا تو سیاسی خانہ خراب ہے تو کسی کی کیوں سندھ میں حکومت ہو اور کوئی کیوں پارلیمنٹ میں ہو۔

شیخ رشید نے کہا کہ ہم اپنے دور میں کسی کو نہیں نکال رہے، دونوں جماعتیں این آر او کی تلاش میں ہیں، مگر عمران خان کسی کو این آر او نہیں دیں گے، عثمان بزدار قائم ہیں، عمران خان ان کے ساتھ کھڑے ہیں، اپوزیشن تھکی ہوئی ہے، عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور نون لیگ میں بظاہر اختلافات ہیں، نہیں کہہ سکتا کہ یہ اکٹھے ہو سکتے ہیں لیکن عمران کے خلاف کوئی تحریک چلانے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔

وزیرِ ریلوے کا کہنا ہے کہ مریم نواز کے تمام پتھر شہباز شریف کی سیاست پر ٹھاہ کر کے لگے ہیں، نواز شریف اتنے بھولے نہیں کہ شہباز والی غلطی کریں گے، شہباز شریف کی ایک قربانی ان کے لیے کافی ہے، یہ مردہ اور تھکی ہوئی اپوزیشن عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔

ان کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن چاہتے ہیں کہ نون لیگ اور پیپلز پارٹی سے ان کا جو معاملہ ہو وہ تحریری ہو، شہباز شریف کسی قیمت پر انہیں تحریری طور پر کچھ نہیں دیں گےکیونکہ وہ تحریر کے خلاف ہیں، شہباز شریف تقریر کریں گے، تحریر نہیں دیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ مولانا جو چاہتے ہیں وہ نون لیگ اور پیپلز پارٹی سے نہیں ملے گا، مولانا چاہتے ہیں کہ میرا سیاسی خانہ اجڑا ہوا ہے تو کسی کا کیوں آباد ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف جو سوچے بیٹھے تھے مریم نے ان کا ستیاناس کر دیا ہے، شہباز شریف اور حمزہ کا کیس گہرے پانیوں میں ہے، مریم سوچتی ہیں میں تو نااہل ہوگئی ہوں یہ نااہل ہوئے بغیر کس طرح پھر رہے ہیں۔

وزیرِ ریلوے نے کہا کہ ایک سال تک ان کا ٹوئٹ زنگ آلود رہا، ان کے ٹوئٹر کو ایک سال تک سگنل ہی نہیں مل رہا تھا، ایک سال بعد جب سگنل ملا تو سگنل بھی جا کر شہباز شریف کی سیاست کو لگا۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

اپوزیشن میں بہت سے لوگوں کو نااہل ہوتا دیکھ رہا ہوں، شیخ رشید

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ہم اسحاق ڈار اور سلمان کو نہیں لاسکے تو نواز شریف کو لانا آسان کام تو نہیں ہے، لیکن خواہش ہے کہ وہ واپس آئیں اور کیس کا ٹرائل پورا کریں، جہانگیر ترین آئیں گے، ضرور آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون آئی ایم ایف سے بھی منظور ہوگا، فریٹ کی آن لائن بکنگ کا سوچ رہے ہیں، شالیمار کے کرائے میں 25 اگست سے 10 فیصد کمی کی جا رہی ہے۔

وزیرِ ریلوے کا کہنا ہے کہ ریلوے مزدوروں کو تنخواہ مل رہی ہے، کسی کو نہیں نکال رہے، ریلوے میں صرف اس کو تنخواہ ملے گی جو کام کرتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ری اسٹرکچرنگ میں کسی ملازم کو نہیں نکالا جائے گا، میرے دور میں کسی کو نہیں نکالا جا رہا۔

شیخ رشید احمد کا یہ بھی کہنا ہے کہ کنٹریکٹ ملازمین کو بھی مستقل کرنے جا رہے ہیں، پینشن میں تاخیر ہو رہی ہے، جس کے لیے کام کر رہے ہیں۔

تازہ ترین