وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان تشدد کا نشانہ بننے والوں کی حمایت میں عالمی برادری کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، جبکہ نفرت اور مذہب کی بنیاد پر تشدد کے خاتمے کا یہ اہم موقع ہے۔
مذہب کی بنیاد پر تشدد کا نشانہ بننے والوں کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان امن، برداشت، بین الثقافتی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے صف اول پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اصولوں کے پیش نظر کئی اقدامات کیے ہیں، ان میں گوردوارہ کرتار پور سمیت اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی بحالی شامل ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اسلامو فوبیا کے خلاف آواز اٹھائی ہے، ہمارے خطے میں ہندوتوا سے متاثر بےجی پی اور آر ایس ایس مسلم ورثہ ختم کرنے کے درپے ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا وائرس کے دنوں میں بھارتی مسلمانوں کو نفرت کا سامنا کرنا پڑا، مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو ان کے بنیادی مذہبی حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے، بھارت کو اس سلسلے میں احتساب کے کٹہرے میں لانا چاہیے۔