• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طالبان وفد کی پاکستان آمد، پاکستانی قیادت سےافغان امن عمل میں پیشرفت پربات ہوگی، دورہ شاہ محمود کی دعوت پر ہورہا ہے، ترجمان دفترخارجہ

طالبان وفد کی پاکستان آمد، پاکستانی قیادت سےافغان امن عمل میں پیشرفت پربات ہوگی


اسلام آباد(فاروق اقدس‘جنگ نیوز) مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ طالبان کے قطر سیاسی دفتر کے زعما کا وفد وزارت خارجہ کی دعوت پر اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے دورے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ وفد کے ساتھ افغان امن عمل میں پیش رفت پربات چیت ہو گی۔

ذرائع کے مطابق دورہ وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی کی دعوت پر ہورہاہے ‘وفد افغان دھڑوں کے درمیان مفاہمتی عمل کے حوالے سے پاکستانی قیادت سے بات چیت کرے گا۔ 

قبل ازیں امارت اسلامیہ افغانستان کے قطر میں سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ سیاسی دفتر کے نائب پولیٹیکل ڈائریکٹر اور سیاسی دفتر کے سربراہ ملا عبدالغنی برادر اخوند کی سربراہی میں طالبان راہنمائوں کا ایک وفد وزارت خارجہ پاکستان کی دعوت پر آج پاکستان روانہ ہورہا ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ وفد سینئر پاکستانی عہدیداروں سے ملاقات کرکے افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کرے گا اور اس موقع پر دونوں ممالک کے مابین تجارتی سہولیات کے قیام اور دیگر متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔وفد دیگر ممالک کا بھی دورہ کرے گا.

امارت اسلامیہ افغانستان کی جانب سے وفد کا مقصد خطے کے ممالک اور تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ مثبت تعلقات کے قیام اور عالمی امن سے متعلق اپنا مؤقف پہنچانا ہے ۔ 

سہیل شاہین کا مزید کہنا تھا کہ ایسے دورے عالمی سطح پر کرونا کی وبا کی وجہ سے کچھ عرصے کے لئے ملتوی کردیئے تھے. لیکن اب یہ عمل دوبارہ شروع ہوا ہے۔ مستقبل قریب میں ، امارت اسلامیہ کے دفتر کے وفود دوسرے ممالک کا بھی دورہ کریں گے۔

تازہ ترین