ملتان(سٹاف رپورٹر) ترجمان پی ایل آر اے علی رضا بٹرنے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 20 نئے قانون گوئی اراضی ریکارڈ سنٹر ملتان ڈویژن کی حدود میں بنائے جارہے ہیں جن پر تقریبا کام مکمل ہو چکا ہے،انہوں نے کہاکہ ریکارڈ سنٹرز میں ٹائوٹ مافیا کا خاتمہ کردیا گیاہے جبکہ صارفین یو این اراضی ریکارڈ کے نمبر اور پی ایل آر اے کی ویب سائٹ www.punjab.zameen.gov.pkسے اپنی مطلوبہ خدمت نمبر حاصل کرسکتے ہیں بکنگ نہ کروانے کی صورت میں ایکسٹرا سروس کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔اوور سیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے دیگر ممالک کے سفارت خانوں میں کاونٹرز قائم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایل آر اے سالانہ 50لاکھ سے زائد صارفین کو خدمات فراہم کرتا ہے جس سے سرکاری خزانے کو اربوں روپے کی آمدن ہوئی ہے سروس چارجز کی مد میں پی ایل آر کو گزشتہ مالی سال میں 2ارب سے زائد آمدن ہوئی جبکہ دیگر خدمات کی مد میں سرکاری خزانہ کو 16.5ارب سے زائد کی آمدن ہوئی ہے۔