کراچی(اسٹاف رپورٹر) سکھر میں ضیاء الدین یونیورسٹی کی نئی سائٹ کھل گئی،داخلوں کا آغاز بھی ہوگیا،جلد لندن اور دبئی میں نئے کیمپس کھولے جائیں گے،سندھ حکومت نےاجازت دے دی۔ تفصیلات کےمطابق ضیاءالدین یونیورسٹی نے سندھ کے شہر سکھر میں تمام تر جدید سہولتوں اور انفرا اسٹرکچر کے ساتھ اپنی نئی سائٹ کھولنے کا اعلان کردیا جس کے تحت پہلے مرحلے میں کالج آف ری ہیبلی ٹیشن سائنسز میں 5سالہ ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی میں داخلوں کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں ضیاءالدین یونیورسٹی کے دیگر کالجز بھی سکھر سائٹ میں جلد اپنے پروگرام متعارف کروائیں گے ۔ ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی میں داخلے کے لیے پاکستان میں کسی بھی تسلیم شدہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن سے ہائر سیکنڈری سرٹیفکیٹ امتحانات کے پری میڈیکل گروپ میں کم سے کم 50فیصد نمبر حاصل کرنے والے طلباءاہل ہوں گے۔