• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: سسٹم کمزور، معتدل و تیز بارش کا امکان


محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارش کا سسٹم کمزور پڑنے لگا ہے، ہوا کے کم دباؤ کا بیشتر حصہ سمندر میں چلا گیا، جس کی وجہ سے کل صبح تک کراچی میں کہیں معتدل اور کہیں کہیں تیز بارش ہو سکتی ہے۔

ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں موجود بارش کا سسٹم کمزور پڑنے لگا ہے، زیریں سندھ اور کراچی میں ہوا کے کم دباؤ کا بیشتر حصہ سمندر میں چلا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سسٹم کاکچھ حصہ شہر میں موجود ہے لیکن اس کی شدت زائد نہیں ہے، جس کی وجہ سے کل صبح تک کراچی میں معتدل اور کہیں کہیں تیز بارش ہوسکتی ہے۔

ادھر کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

کراچی کے علاقوں صدر، ڈیفنس، آئی آئی چندریگر روڈ، ماڑی پور، بلوچ کالونی، شارع فیصل، ملیر، اختر کالونی، کشمیر کالونی، منظور کالونی اور محمود آباد میں صبح سویرے بارش ہوئی۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 24 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی، سب سے زیادہ بارش PAF فیصل بیس پر ریکارڈ

شہرِ قائد میں جنوب مغرب سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 91 فیصد ہے۔

کراچی کی بیشتر سڑکوں سے گزشتہ روز کی بارش کا پانی اتر گیا، گلی محلوں میں کہیں پانی اور کہیں کیچڑ سے مکینوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

تازہ ترین