پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس قیصر رشید نے کہا ہے کہ آٹے کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں اور لوگ چیخ رہے ہیں۔
جسٹس قیصر رشید نے یہ ریمارکس پشاور ہائی کورٹ میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران دیے۔
سماعت کے موقع پر صوبائی وزیر خوراک، سیکریٹری محکمہ خوراک، ڈی سی پشاور اور ایڈووکیٹ جنرل عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
جسٹس قیصر نے دوران سماعت ریمارکس دیے کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو معلوم کرنا چاہیے کہ بی آر ٹی پشاور کی ٹھنڈی بس میں لوگ پیٹ بھر کر سفر کرتے ہیں یا بھوکے؟
انہوں نے مزید کہا کہ یہاں سال بھر مسئلہ چلتا رہتا ہے کہ پنجاب ہمیں آٹا دے رہا ہے اور پنجاب آٹا نہیں دے رہا۔
جسٹس قیصر رشید نے یہ بھی کہا کہ صوبے میں کاشت کے لیے زمین بہت ہے لیکن حکومت کی کوئی حکمت عملی نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں کاشت کے لیے اتنی زمین ہے کہ ہم گندم برآمد کرتے لیکن حکومت گندم درآمد کررہی ہے۔
عدالت نے محکمہ خوراک سے آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کارروائی 15 ستمبر تک ملتوی کردی۔