• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش


کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز اور موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

شہر میں راشد منہاس روڈ، کورنگی، یونی ورسٹی روڈ،آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، برنس روڈ، شارع فیصل، نرسری، نمائش، گرومندر، لانڈھی میں تیز بارش ہو رہی ہے۔

ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق رات 11 بجےتک بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جبکہ کل بھی بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 10 محرم الحرام کو بھی کراچی میں معتدل بارش کا امکان ہے، خلیجِ بنگال میں ہوا کا ایک کم دباؤ بن رہا ہے، بحیرۂ عرب میں پہلےہی مون سون کےباعث ٹرف موجود ہے۔

ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ہوا کا کم دباؤ بحیرۂ عرب اور جنوبی سندھ پر تاحال موجود ہے، بلوچستان سے بھی ایک دباؤ مغرب کی جانب سے داخل ہو رہا ہے۔

ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ دباؤ کے زیر اثر کراچی میں بادل برس رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں آج دن بھر کہیں ہلکی، کہیں معتدل اور کہیں تیز بارش ہوسکتی ہے۔

شہر میں بارشوں کے باعث 3 دن میں پیش آنے والے مختلف حادثات میں 14 افراد جاں بحق ہو گئے۔

7 افراد ڈوب کر، 4 افراد کرنٹ لگنے اور 3 چھت گرنے کے واقعات میں جاں بحق ہوئے۔

گلشنِ اقبال کی ضیاء کالونی کے 2 نوجوان گزشتہ 2 روز سے لاپتہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں آج گرج چمک کیساتھ تیز بارش کا امکان

پولیس کے مطابق ان لاپتہ نوجوانوں کے اہلِ خانہ نے 13 ڈی ون کے نالے میں نوجوانوں کے گرنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

نوجوانوں کی تلاش کے لیے پولیس اور ریسکیو ادارے آج پھر کام شروع کریں گے، اہلِ خانہ نے نوجوانوں کی تلاش کے لیے مدد کی اپیل کی ہے۔

دوسری جانب ملیر ندی میں طغیانی سے متاثرہ سموں گوٹھ میں بے گھر افراد کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں، لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی جاری ہے۔

ادھر محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے مختلف شہروں مٹھی، عمر کوٹ، حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین، میر پور خاص، نواب شاہ، سانگھڑ اور دادو میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش ہو سکتی ہے۔

تازہ ترین