• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول کی وزیر اعلیٰ کو ہنگامی بنیادوں پراقدامات اٹھانے کی ہدایات


پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو بارش کے باعث حالات کو کنٹرول کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سے ٹیلیفونک رابطے کے دوران صوبے بھر میں بارش کی صورتحال معلوم کی ہے۔

 بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ کو بارش کے باعث حالات کو کنٹرول کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی سمیت صوبے کے دیگر حصوں میں جاری طوفانی بارش نے 90 سالوں سے زیادہ عرصے کا ریکارڈ توڑ دیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے اپیل ہے  کہ اِس قدرتی آفت پر سیاست کرنے کے بجائے حالات کو بہتر بنانے میں کردار ادا کریں، موجودہ اور اس کے بعد پیدا ہونے والے نقصان کا ایک قوم بن کر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے ہدایت جاری کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ انسانی ذات اس طرح کی تباہی پر راتوں رات قابو پانے کی طاقت نہیں رکھتی، کراچی کے نشیبی علاقوں سے پانی کے اخراج کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، وفاقی حکومت کو بھی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے اپنا کرادر ادا کرنے کی دعوت دی جائے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کیونکہ یہ قدرت کا ایک امتحان ہے، تاکہ قوم اپنے اتحاد اور اجتماعی اقدامات اٹھانے کا مظاہرہ کرے، امدادی کاموں میں تیزی لانا ہوگی، ہر شہری کی زندگی ریاست خواہ ہر حکومتی حصے کے لیے اہم ہے، ہر قسم کے لیڈرز اپنے سیاسی تضادات اور مفادات ایک طرف رکھیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام کو حکومت و امدادی اداروں کے تعاون سے محفوظ بنایا جائے، عوام ان کی جان و مال اور اثاثوں کی حفاظت کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، لہٰذا عوام کے وسیع تر مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے الزام تراشیوں کا سلسلہ اب ختم کرنا چاہیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے منتخب نمائندے، عہدیداران اور کارکنان عوام کی مدد کرنا جاری رکھیں، وہ لوگ جو بدترین موسم میں بھی صوبے کے طول و عرض میں شہریوں کی امداد کے لیے 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں، تعریف کے مستحق ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام ان کے لیے دعا کریں کہ وہ اپنی کوششوں کو جاری رکھ سکیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے پارٹی چیئرمین کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حکومتِ سندھ ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کے سلسلے میں ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے، سندھ کابینہ کے تمام ممبران اس وقت مشکل میں پھنسے شہریوں کی مدد کرنے کے لیے میدان میں ہیں۔

تازہ ترین