• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے عوام کےمفادکیلئے کوئی قانون سازی نہیں کی ،سراج الحق

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت اور اپوزیشن آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے مفادات کی تکمیل کے لیے ایک ہی ایجنڈے پر ہیں،حکومت نے عوام کے مفاد کے لیے کوئی قانون سازی نہیں کی اور ایف اے ٹی ایف کے لیے ایک درجن بل پاس کروائے ہیں ۔ وکلا نے جمہوریت اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے بڑا اہم کردار ادا کیاہے ۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مرکزی نقطہ ملک میں آئین کی بالادستی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تیمر گرہ میں چکدرہ ، باجوڑ ، ثمر باغ اور تیمرگرہ بازار کے مشترکہ اجلاس اور بلامبٹ میں جماعت اسلامی کے یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سراج الحق نے کہاعوام غربت ، مہنگائی ،بے روزگاری کے ہاتھوں سخت پریشان ہیں ۔ لاقانونیت کا یہ حال ہے کہ نقیب اللہ محسود سمیت چار سو لوگوں کا قاتل قانون کا منہ چڑا رہاہے ۔ حکومتی دعوؤں کے برعکس خیبر پختونحوا میں روزانہ بارہ بارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے ۔انہوں نے جماعت اسلامی کے کارکنان اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضا کاروں کو بارشوں سے متاثرہ لوگوں کی خدمت کی ہدایت کی۔ دریں اثنا سراج الحق اورسیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید کے گھر پرحملہ و فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ سید عبد الرشید کے گھر پر حملہ حکومت ،انتظامیہ اور اداروں کی ناکامی ہے ۔سید عبد الرشید یاان کے خاندان کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ دار وفاقی اور صوبائی حکومتیں ہونگی ۔حکومت ملزمان کو فوری گرفتار کرے ۔ نائب امراءلیاقت بلوچ، راشد نسیم ، اسد اللہ بھٹو اور معراج الہدٰی صدیقی نے بھی عبد الرشیدکے گھر پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ۔
تازہ ترین