اسلام آباد (نمائندہ جنگ)چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ ملک میں انصاف کی فراہمی کیلئے بنچ اور بار میں قریبی تعلق اور تعاون ضروری ہے ، دنوں کے درمیان خوشگوار تعلقات کے نظام انصاف کی بہتری پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں ،انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کے روز سپریم کورٹ میں پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین کی قیادت میں آنے والے سات رکنی وفد کیساتھ ملاقات کے دوران کیا ،چیف جسٹس نے کہا کہ انصاف کی فراہمی کیلئے بینچ اور بار کا قریبی تعلق نہایت اہم ہے،معزز مہمانوں نے نے چیف جسٹس کوسپریم کورٹ کیلئے پانچ کتابیں، پاکستان لاء جنرل، انٹرنیٹ ،ویب سائٹس، دیوانی اور فوجداری ایکٹس پیش کیں ، اور ان سے استدعا کی کہ پاکستان لاء جنرل کیلئے منظور شدہ عدالتی فیصلوں کی نقول مفت فراہم کی جائیں، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اکثر اوقات پاکستان لاء جنرل غیرمنظور شدہ فیصلے شائع کر دیتا ہے،سپریم کورٹ کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفد نے مستقبل میں غیر منظورہ شدہ فیصلوں کی اشاعت روکنے کے معاملے پر احتیاط برتنے کی یقین دہانی کروا دی،چیف جسٹس نے وفد کی درخواست پر مناسب فورم پر جائزہ لینے کا بھی وعدہ کیا۔