حالیہ ہفتے میں مجموعی طور پر مہنگائی میں 0.14 فیصد کمی ہوئی، ادارہ شماریات نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران کھانے پینے کی11 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی، جبکہ 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ جبکہ 28 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ادارہ شماریات کے مطابق چینی اور آٹے کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے، ایک ہفتے کے دوران چینی کی اوسط فی کلو قیمت میں 96 پیسے کی کمی ہوئی۔
چینی کی اوسط قیمت 96.07 روپے سے کم ہوکر 95 روپے 11 پیسے فی کلو ہوگئی، جبکہ آٹے کے 20 کلو تھیلے کی اوسط قیمت میں 4 روپے 22 پیسے کی کمی واقع ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران لہسن کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 12 پیسے کی کمی ہوئی، جبکہ ٹماٹر 2 روپے 85 پیسے مہنگا ہوا۔
اسی طرح ایک ہفتے کے دوران پیاز کی فی کلو قیمت میں 1 روپے 53 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ایک ہفتے میں زندہ برائلرمرغی کی فی کلو قیمت میں پونے 9 روپے کی کمی ہوئی، اس دوران انڈے، دودھ، دہی اور کیلے کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیے: لاہور: اتوار بازاروں میں سبزی کے نرخ کنٹرول سے باہر
ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی کا ساڑھے گیارہ کلو کا گھریلو سلنڈر 23 روپے سستا ہوا۔
اس دوران12 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، دال مسور کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 29 پیسے اضافہ ہوا، جبکہ آلو، بیف، دال ماش، دال مونگ اور دال چنے کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران چاول، روٹی، نمک، مرچ اور مٹن سمیت 28 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔