راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)ضلع کچہری راولپنڈی کی جگہ پر ایک نیا جدید کمپلیکس بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جس کیلئے ضلعی حکومت اور ضلعی عدالتی انتظامیہ کے درمیان مشاورت شروع ہوگئی ہے۔اس امر کا فیصلہ وکلاء کی بڑھتی ہوئی تعداد،سیکورٹی،پارکنگ اور دیگر مسائل کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔کیونکہ ضلع کچہری کے باہر پارکنگ سے جہلم روڈ بلاک ہوجاتی ہے۔جس سے پورا علاقہ متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ سیکورٹی کو شدید خطرات لاحق ہوتے ہیں۔وی وی آئی پی موومنٹ کے باعث ضلع کچہری کا علاقہ انتہائی حساس ہے۔دوسری طرف وکلاء اور سائلین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث نئے جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر کے باوجود ضروریات پوری نہیں ہورہی ہیں۔جبکہ ضلعی انتظامیہ کے دفاتر بھی ضلع کچہری میں ہیں جس کے باعث سرکاری امور کی انجام دہی بھی متاثر ہورہی ہے۔ذرائع کے مطابق ضلع کچہری 105کنال پر محیط ہے۔جس میں پوٹھوہار ٹائون اور سٹیزن فسیلیٹی ٹیشن سنٹر کی نئی عمارتوں کے علاوہ ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفس،ڈی سی او آفس،وکلاء چیمبرز،مساجد،بخشی خانہ اور دیگر دفاتر بھی شامل ہیں۔نئی منصوبہ بندی کے تحت ایک جدید کمپلیکس بنایا جائے گا۔جو تمام ضرورتوں کو پورا کرسکے۔اس سلسلے میں عدالتی اور ضلعی انتظامیہ کا مشترکہ اجلاس بھی ہوا ہے۔