• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حضرت امام حسین علیہ السلام کی پیروی کرنی چاہیے، بھٹو زرداری


پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ظلم، جھوٹ اور زیادتیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے حضرت امام حسین علیہ السلام کی پیروی کرنی چاہیے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ عاشور کے دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ  آج کے دن ہم کربلا کے عظیم شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،  اللّٰہ تعالیٰ اُنہیں اپنی رضا و خوشنودی عطا فرمائے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ظلم اور جھوٹ خواہ گھر کے قریب ہوں یا دور اور کشمیر میں ہوں یا فلسطین میں، ان کے خلاف لڑنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ اس بار یوم عاشور اور جبری گمشدگیوں کے خلاف عالمی دن ایک ہی دن پر منائے جا رہے ہیں، تشدد اور جبری گمشدگیاں بھی ظلم ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج کے دن ہمیں انسانیت کے خلاف جرائم کے مرتکب افراد کی مذمت اور مزاحمت کرنی چاہیے، جھوٹ و ظلم، عسکریت پسندوں اور انتہا پسندوں کی جانب سے استعمال کیا جانے والا ایک ہتھیار ہے، عوام کو ان جنونیوں کے مذموم سازشوں سے خبردار رہنا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج ہم یہ تجدید عہد نو کرتے ہیں، ظلم اور ناانصافی کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے، یہ عہد بھی کرتے ہیں کہ ہم باطل کو حق و سچائی کو مفتوح بنانے نہیں دیں گے ۔

تازہ ترین