• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزادکشمیرمیں 10 محرم کےجلوس


 یوم عاشورہ پر خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں جلوس نکالے گئے اورمجالس منعقد کی گئیں۔

خیبر پختونخوا میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا، ڈیرہ اسماعیل خان میں مرکزی جلوس امام بارگاہ کوٹلی امام سے برآمد ہوا اور اسی مقام پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، کوہاٹ کا مرکزی جلوس غازی سید حلیم کے مزار، جبکہ بنوں میں امام بارگاہ حسینیہ پہنچ کر ختم ہوا۔

ٹانک میں مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ گرہ بلوچ، مانسہرہ میں امام بارگاہ حسینیہ مفتی آباد ، نوشہرہ میں امام بارگاہ علی مسجد اور امام بارگاہ خٹک بلڈنگ سے جلوس برآمد ہوئے۔ پارہ چنار میں شہداء کربلا کی یاد میں شبیہہ و ذوالجناح کے ماتمی جلوس برآمد ہوئے۔

بلوچستان کے شہر حب میں یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس اکرم کالونی کی امام بارگاہ، خضدار کا جلوس امام بارگاہ حسینی ، نصیر آباد میں امام بارگاہ بتول اورڈیرہ مراد جمالی کا مرکزی جلوس سید آستانہ محبوب علی شاہ سے برآمد ہوا۔ سبی میں 10 محرم کا جلوس امام بارگاہ حسینہ پہنچ کر اختتام پزیرہوا۔

گلگت میں عاشورہ محرم کا مرکزی جلوس امامیہ جامع مسجد سے برآمد ہوا، اسکردو میں 35 ماتمی جلوس برآمد ہوئے۔ نماز مغربین کے بعد شام غریباں کی مجالس برپا کی گئیں،استور میں مرکزی جلوس جامع مسجد امامیہ مین بازار سے برآمد ہوا، ہنزہ میں بھی یوم عاشور کے جلوس برآمد ہوئے۔

آزادکشمیرکے دارالحکومت مظفرآباد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس پیر علم شاہ بخاری سے برآمد ہوا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا اسی مقام پر اختتام پذیر ہوا، کوٹلی کا جلوس امام بارگاہ قصر حسینی سے برآمد ہوا۔

میرپور کا یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ بیت الخزن اور ضلع باغ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ بھگلور پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

تازہ ترین