ہیڈ ڈسٹری بیوشن کے الیکٹرک احسن انیس کا کہنا ہے کہ ڈیفنس کے4 سے 5 علاقوں میں تا حال پانی موجود ہے، پانی کی نکاسی کے بعد 6 سے 12 گھنٹوں میں بجلی بحال ہوگی۔
ہیڈ ڈسٹری بیوشن کےالیکٹرک احسن انیس نے جیو نیوز کے مارننگ شو ’جیوپاکستان‘ میں گفتگو کے دوران کہا ہے کہ بخاری کمرشل، نشاط کمرشل، اتحاد کمرشل کے علاقوں میں پانی موجود ہے۔
احسن انیس کا کہنا تھا کہ صارفین بھی کہہ رہے ہیں کہ فلیٹس کی بیسمنٹ میں پانی موجود ہے، نکاسی تک بجلی نہ کھولیں۔
ہیڈ ڈسٹری بیوشن کےالیکٹرک احسن انیس نے کہا ہے کہ ڈیفنس ، کلفٹن کے علاوہ علاقوں میں پانی اتنی دیر جمع نہیں رہا، سی بی سی اور واٹر بورڈ حکام سےرابطے میں ہیں۔
احسن انیس نے کراچی کے دیگر علاقوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیفنس، کلفٹن کے علاوہ اس وقت بڑے پیمانے پر کسی علاقے میں بجلی بند نہیں ہے، سرجانی ٹاؤن کے کچھ علاقوں میں پولز گرے ہوئےہیں۔