• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر کی اپیلوں پر سماعت 23 ستمبر تک ملتوی


سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کی ایوان فیلڈ ریفرنس میں اپیلوں پر سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔

مریم نواز اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئیں، ان کے ہمراہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال سمیت کئی لیگی رہنما بھی عدالت پہنچے۔

ہائی کورٹ کے راستے میں سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے تھے، جس کے بعد بہت سے کارکنوں کو راستے میں ہی روک دیا گیا۔

وکلا نے سڑکیں بلاک کرنے پر ججز سے شکایت کی، جس پر بنچ کےسربراہ نے کہا کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔

اس سے قبل عدالت میں سماعت کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں مریم نواز نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ تمام جماعتیں ملک کے لیے ایک پیج پر آئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں پتہ چل جائے گا کہ سب ایک پیج پر ہیں یا نہیں۔

اس موقع پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جو حکومت ایک خاتون کو برداشت نہیں کرسکتی وہ عوام کو کیا برداشت کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت کی اصلیت آپ کے سامنے ہے، ایک خاتون عدالت میں پیشی کے لیے آئی ہے اور پولیس، ایف سی اور رینجرز تعینات ہے۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایک خاتون کی عدالت آمد کے موقع پر پولیس کو کھڑا کر کے عوام کو روکا جارہا ہے۔

تازہ ترین