• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کراچی کے مسئلے پر سیاست نہ کریں، عوام کی مدد کریں، شہباز شریف

’عمران خان کراچی کے مسئلے پر سیاست نہ کریں‘


کراچی (اسٹاف رپورٹر)مسلم لیگ ن کےصدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم سیاست نہ کریں اور سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں، عمران خان کراچی کے مسئلے پر سیاست نہ کریں، عوام کی مدد کریں۔ کراچی کو ابھی تک جتنا بنایا ہے نون لیگ نے بنایا ہے، عمران خان نے کراچی کے لیے160ارب روپے کے فنڈ مختص کرنے کا اعلان کیا تھا اب تک ایک دھیلا بھی نہیں آیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کراچی کے دورہ کے موقع پر ناظم آباد میں عوامی جلسے،ملیر یار محمد گوٹھ ،بلدیہ ٹائون ،ایدھی سینٹر کے دوروں اور کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیادورہ کے دوران ان کے ہمراہ مریم اورنگزیب اور احسن اقبال و دیگر صوبائی و مرکزی قائدین موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کا گرین لائن کا منصوبہ نوازشریف کا منصوبہ ہے اگر یہ مکمل ہوجاتی تو شہر کی عوام مستفید ہوتےشہر کےلیے 24ارب روپے کی مالیت سے کے فور کےپانی کا منصوبہ تھا جسکی لاگت اب اربوں روپے ہوگئی۔

کراچی کی عوام پانی ٹرانسپورٹ اسپتالوں کے مسائل سے دوچار ہیں، اللہ نے اگر موقع دیا تو مسلم لیگ اللہ کی قسم کراچی کو پیرس بنائے گی۔ کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ کراچی کے حالات دیکھ کر یہاں آیا ہوں، انہوں نے کہا کہ بارشوں نے کراچی کو بہت متاثر کیا ہے، یہ میرا شہر ہے، ن لیگ کو کراچی سے پیار ہے، اس شہر کو تباہی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ کراچی جب پانی میں ڈوبا ہوا ہے تو سیاست نہیں کرنی چاہیے، وفاقی حکومت کو سندھ حکومت کی مشاورت سے امدادی کارروائیاں شروع کرنی چاہئیں۔

حکومت کراچی میں بارش کے متاثرین کو معاوضہ دے۔صدر مسلم لیگ ن کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے کہا تھا کہ کراچی کے لیے اربوں روپے کے فنڈز دیں گے، وفاقی حکومت کے کراچی کے لیے اعلان کردہ فنڈز کہاں ہیں؟۔شہباز شریف کامزید کہنا ہے کہ کراچی پانی میں ڈوبا ہوا ہے، اس وقت سیاست نہیں کرنی ہے۔

یہ وقت مخالفت برائے مخالفت کا نہیں ہے۔ جن کے گھر، فصلیں اور مال مویشی تباہ و برباد ہوئے انہیں معاوضہ دیا جائے، امیر و غریب سب ہی سیلاب کی تباہ کاری سے پریشان ہیں۔شہباز شریف بارش سے متاثرہ یار محمد گوٹھ پہنچےاورمتاثرین سے ملاقات کی اس موقع پرگوٹھ کے مکینوں نے کہا کہ ہم طوفانی بارشوں میں برباد ہوگئے۔

تازہ ترین