وزیر مملکت پارلیمانی اُمور علی محمد خان کا کہنا ہے کہ کل شہباز شریف، زرداری کی عدالت میں نیب کو دفن کرنے گئے تھے۔
اسلام آباد میں وزیر مملکت پارلیمانی اُمور علی محمد خان نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی مخالف جماعتوں کی جانب سے پی ٹی آئی سے سوال کیا گیا اور اکاونٹس اور غیر ملکی فنڈنگ کی تفصیلات مانگی گئی تھیں۔
علی محمد خان نے کہا کہ ہم نے اپنی تمام تفصیلات الیکشن کمیشن کو دے دی ہیں اور ہم نے بھی درخواست دی ہے کہ دیگر جماعتیں ن لیگ، پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی بھی تفصیلات دیں۔
انہوں نے کہا کہ ان جماعتوں نے اپنے اکاؤنٹس کی تفصیلات ابھی تک نہیں دیں جبکہ کچھ سیاسی جماعتوں نے اپنے غیر ملکی اکاؤنٹس کی تفصیلات دینے کی تکلیف ہی نہیں کی۔
علی محمد خان کے مطابق کچھ جماعتوں نے تفصیلات دیں جس میں سقم نظر آئے، ن لیگ، پیپلز پارٹی اپنے آڈٹ اکاؤنٹ کی تفصیلات پیش کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سمجھے کہ شہباز شریف وہ وعدہ پورا کرنےگئے ہیں جو انہوں نے زرداری سے متعلق کیا تھا جبکہ شہباز شریف تو کل زرداری کی عدالت میں نیب کو دفن کرنے گئےتھے۔