• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بڑھتے جرائم کیخلاف تنظیم تاجران ملتان کا تحریک چلانے کا اعلان

املتان (سٹاف رپورٹر) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان نے ملتان و گرد و نواح میں ڈکیتی، قتل و غارت اور چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے، تاجر برادری چوری، ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی وجہ سے عدم تحفظ کا شکار ہو چکی ہے، وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی و رکن صوبائی اسمبلی تاجر رہنما حاجی جاوید اختر انصاری کی رہائش گاہ پر فائرنگ اور ملزمان کی گرفتاری نہ ہونا ضلعی انتظامیہ کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے 24 گھنٹے کے اندر اندر فائرنگ کے واقعہ میں ملوث ذمہ داروں کو گرفتار نہ کیا تو مرکزی تنظیم تاجران پاکستان احتجاجی تحریک کے ابتدائی مرحلے میں آج چونگی نمبر 14 پر احتجاجی مظاہرہ کرے گی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے مرکزی چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی، صدر جنوبی پنجاب شیخ جاوید اختر، ضلعی صدر سید جعفر علی شاہ، جاوید اخترخان، ذیشان صدیقی، کاشف رفیق حافظ عمران سجاد قریشی، ندیم شیخ، اکمل بلوچ، سرفراز قادری، ناصر محمود چوہان و دیگر نے پریس کلب میں کانفرنس کے دوران کیا، خواجہ سلیمان صدیقی نے مزید کہا کہ گلگشت، شاہ رکن عالم سرکلز کی پولیس ڈاکوئوں، چوروں اور سنگین مقدمات میں ملوث جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کر رہی ہے جنہوں نے نہ صرف تاجر برادری بلکہ عام شہری کی زندگی اجیرن کر کے رکھ دی ہے، جہاں ایک حکومتی ایم پی اے حاجی جاوید اختر انصاری کی رہائش گاہ پر فائرنگ میں ملوث نامزد ملزمان کو چار روز گزر جانے کے باوجود گرفتار نہیں کیا جا سکا، وہاں عام آدمی کو کیا انصاف ملنے کی توقع کی جا سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر جرائم پیشہ عناصر نے پورے ملتان شہر کو یرغمال بنا رکھا ہے، انہوں نے کہا کہ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان تاجر برادری اور عام شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی، اگر ملتان و گرد و نواح کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک نہ کیا گیا تو مرکزی تنظیم تاجران پاکستان احتجاجی مظاہروں، دھرنوں، شٹرڈائون پر مجبور ہو جائے گی جس کی ذمہ دار ضلعی انتظامیہ کے حکام بالا ہوں گے۔
تازہ ترین