وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ اپوزیشن کو خطرات کا سامنا ہے، حکومت کو نہیں، وزیرِ اعظم عمران خان آج کراچی میں پیکیج کا اعلان کریں گے۔
وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے لاہور میں ریلوے ہیڈ کوارٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف 10 ستمبر تک آجائیں گے تو ان کی سیاست میں بہتری آ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے، وفاقی کابینہ نے گندم کی ترسیل کا کام ریلوے کو دیا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف نے ہمیشہ نواز شریف کے لیے سہولتیں فراہم کیں، مریم نواز جب مایوس ہو گئیں تو انہوں نے پتھراؤ کروایا۔
وزیرِ ریلوے کا کہنا ہے کہ پتھراؤ والی پارٹی، بات چیت کرنے والی پارٹی کے ساتھ نہیں ہے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون استعفے نہیں دیں گی۔
یہ بھی پڑھیئے: شیخ رشید نے شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا
ان کا مزید کہنا ہے کہ اپوزیشن دھرنوں کی سیاست نہیں کر سکتی، جلسہ، جلوس کھیل سکتی ہے، اپوزیشن جس طرح کا رویہ رکھے گی اسی زبان میں جواب دیں گے۔
شیخ رشید کا یہ بھی کہنا ہے کہ کل مقامی ہوٹل میں میری کتاب کی تقریبِ رونمائی ہے، کتاب میں ابھی 50 صفحات کا اضافہ کرنا ہے، اصل کتاب تو ابھی لکھنی ہے، کورونا کے باعث مختصر لکھا۔