• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کی تفصیلات جاری

وزیراعظم آفس نے 11 کھرب 13 ارب روپے کے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کی تفصیلات جاری کردیں۔

اعلامیے کے مطابق پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر 92 ارب روپے خرچ ہوں گے، جبکہ سیوریج ٹریٹمنٹ پر141 ارب، نالوں کی صفائی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے منصوبوں پر 267 ارب خرچ ہوں گے۔

اعلامیے کے مطابق سڑکوں کی تعمیر و بحالی پر41 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے، ماس ٹرانزٹ، ریل اینڈ روڈ ٹرانسپورٹ کے لیے 572 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

وزیر اعظم کا کراچی کیلئے11 سو ارب کے پیکج کا اعلان

کراچی پیکیج پر وفاق اور سندھ حکومت کا اشتراک ہوگیا، وزیر اعظم عمران خان نے کراچی کے لیے 11 سو ارب روپے کے پیکج کااعلان کردیا۔

وزیراعلیٰ سندھ اور وفاقی وزراء کے ساتھ کراچی میں نیوز بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کراچی کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل کریں گے،  سیوریج سسٹم مکمل طورپر ٹھیک کیا جائے گا، سرکلرریلوے بحال کی جائیگی، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کا مسئلہ بھی حل کریں گے۔

ان کا کہناتھا کہ کوشش ہوگی کراچی میں پانی کا مسئلہ 3 سال میں حل کرلیا جائے، ٹرانسپورٹ اور سڑکوں کے معاملات بھی پیکج کا حصہ ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اب سارے اسٹیک ہولڈرز ایک جگہ پر ہوں گے، فیصلے آسانی سے ہوں گے ، سب مل کر کام کریں گے، فیصلوں پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بارشوں سے پورے ملک کو نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

بریفنگ سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کراچی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اسد عمر، شبلی فراز، علی زیدی اور امین الحق بھی شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

واضح رہے کہ آج دوپہر وزیر اعظم عمران خان، وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز اور ممبر قومی اسمبلی عامر محمود کیانی کے ہمراہ اسلام آباد سے کراچی پہنچے ہیں۔

تازہ ترین