• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معروف صحافی، آرٹسٹ ، سماجی کارکن شاہینہ شاہین بلوچ کا تربت میں قتل

معروف صحافی، آرٹسٹ ، سماجی کارکن شاہینہ شاہین بلوچ کا تربت میں قتل 


کوئٹہ (جنگ نیوز، خبرایجنسی)معروف صحافی، آرٹسٹ ، سماجی کارکن شاہینہ شاہین بلوچ کو تربت میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا،شوہر لاش اسپتال پہنچا کر فرار، مقتولہ کو 3گولیاں لگیں، ماموں کی مدعیت میں مقدمہ، شوہر کو نامزد کردیا گیا، دوسری جانب پی ایف یو جے اور دیگر نے سفاقانہ قتل کی مذمت کی ہے۔پولیس کے مطابق شاہینہ شاہین کو تربت میں قتل کیا گیا، مقتولہ شاہینہ شاہین بلوچ کو تین گولیاں لگی ہیں،پولیس کے مطابق لاش اسپتال منتقل کردی گئی ہے اور واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں،ایس پی کیچ کا کہنا ہے کہ صحافی اور سماجی کارکن شاہینہ شاہین بلوچ کے قتل کا مقدمہ تربت تھانے میں شاہینہ کے ماموں نے درج کرایا ہے۔ایس پی نجیب پندرانی کے مطابق مقدمہ میں شاہینہ شاہین کے شوہر محراب گچکی کو نامزد کیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے نائن ایم ایم پستول سے شاہینہ شاہین پر فائرنگ کی اور لاش اسپتال پہنچا کر ملزم فرار ہوگیا۔ایس پی کیچ کے مطابق ملزم کی گرفتاری کیلئے علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔دوسری جانب پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (پی ایف یو جے)نے شاہینہ شاہین کے سفاکانہ قتل کی مذمت کی ا ور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیاہے۔ادھرعورت الائنس نے بھی شاہینہ شاہین کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فنکاروں کے تحفظ کیلئے اقدامات کرے اور قتل میں ملوث ملزمان کو جلدازجلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔

تازہ ترین