اسلام آباد(نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے وفاق کی جانب سے کراچی پیکیج کے اعلان پر سوال کیا ہے کہ عمران خان صاحب بتائیں 1100؍روپے آپ کہاں سے نکالیں گے، اٹاری حکمرانوں نے خارجہ پالیسی تباہ کر دی، پاکستان کی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں۔
یہ بات انہوں نے اتوار کو یوم دفاع کے موقع پر نارووال میں حوالدار ناصر حسین شہید کی قبر پر فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے کی۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہم تمام شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کی آزادی اور سالمیت کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دی یوم دفاع 6 ستمبر ہمیں خاص طور پر ان شہداء کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے کشمیر کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے سارے شہیدوں کی روحیں حکومت سے سوال کرتیں ہیں کہ کشمیر کہاں ہے؟اس حکومت نے پاکستان کو معاشی و سفارتی طور پر کمزور کر دیا ہے، بھارت نے وہ قدم اٹھایا جسکی 72سال جرات نہ کر سکا،موجودہ حکمرانوں نے پاکستان کے دفاع کو داو پر لگا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی بدترین معاشی پالیسیوں کے وجہ سے پاکستان کی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں، نااہل و ناکام حکمران آج پاکستان کے کلیدی مفادات کیلئے خطرہ بن چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن عمران خان سے سوال کرتا ہوں وہ کشمیر کہاں ہے جو متنازعہ ہے؟
وہ کشمیر کہاں ہے جس کو سکیورٹی کونسل نے متنازعہ قرار دیا؟ کیونکر عمران احمد نیازی کی حکومت ایک سال مسئلہ کشمیر پہ سوئی رہی، بھارت پر اتنا دباو کیوں نہیں ڈالا کہ مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ختم ہوتا۔