• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریا چکرورتی کے والد کا بیٹے کی گرفتاری پر ردّ عمل

خودکشی کرنے والے بھارتی اداکار سشانت سنگھ کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی کے والد نے بیٹے شووک چکرورتی کی سشانت سنگھ کیس میں گرفتاری پر ردّ عمل کا اظہار کیا ہے۔

سشانت سنگھ راجپوت خودکشی کیس میں دو روز قبل این سی بی کی ٹیم نے سشانت کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی کے بھائی شووک چکرورتی اور اُن کے ہاؤس مینیجر سیموئل مرانڈا کو ڈرگس معاملے میں پوچھ گچھ کے بعد گرفتار کرلیا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو(این سی بی) کی ٹیم نے چند روز قبل ریا چکرورتی اور سشانت کے ہاؤس مینیجر سیموئل مرانڈا کے گھر پر ایک ساتھ چھاپہ مارا تھا جس کےبعد اگلے دن ہی دونوں کو گرفتار بھی کرلیا گیا تھا، شووک چکرورتی کے والد نےبھی بیٹے کی گرفتاری کے حوالے سے ایک پیغام جاری کیا ہے۔

بیٹے کی گرفتاری پر اداکارہ ریا چکرورتی کے والد اندر جیت چکرورتی نے بھی اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ’مبارک ہو بھارت، آپ نے میرے بیٹے کو گرفتار کرلیا، مجھے یقین ہے اس لائن میں اگلا نمبر میری بیٹی اور پھر نہ جانے کس کا ہوگا ۔ آپ نے ایک متوسط گھرانے کو ختم کردیا اور یہ سب کچھ انصاف کے تحت ہورہا ہے ۔ ‘

این سی بی سشانت کیس میں ڈرگ اینگل سے بھی معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق این سی بی نے اب تک اس کیس میں گرفتار ہونے والے شووک چکرورتی، سیموئل مرانڈا، ڈرگس سپلائر عبدالباسط پریہار اور ڈرگس سپلائر زید ولاتر کو ہفتے کو عدالت میں پیش کیا تھا جس کے بعد عدالت نے شووک اور مرانڈا کو نو ستمبر تک کے لیے این سی بی کی حراست میں بھیج دیا ۔

دوسری جانب این سی بی نےگزشتہ روز یعنی اتوار کو سشانت کیس کی سب سے اہم ملزمہ اداکارہ ریا چکرورتی کو پوچھ گچھ کے لیے بلایا تھا۔

واضح رہے کہ این سی بی کی جانب سے کی جانے والی تحقیق میں شووک چکرورتی نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ اُس نے اپنی بہن ریا چکرورتی کے لیے ڈرگس خریدی تھی۔

یادرہے کہ ریا چکرورتی کے بھائی شووک چکرورتی اور سشانت کے ہاؤس منیجر سیموئل میرانڈا کے ڈرگس سپلائر کے ساتھ رشتے کا انکشاف ہوا تھا جس کے بعد نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی پانچ رکنی ٹیم نے گزشتہ صبح اُن کے گھر پر ایک ساتھ چھاپہ مارا تھا۔

ریا چکرورتی اور اُن کے بھائی شووک چکرورتی ممبئی کے قریب ’سانتا کروز‘ نامی علاقے میں واقع فلیٹ میں ایک ساتھ رہتے ہیں۔ 

تازہ ترین