سشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی کے بھائی شووک چکرورتی اور اُن کے ہاؤس مینیجر سیموئل مرانڈا کو ڈرگس معاملے میں پوچھ گچھ کے بعد این سی بی نے گرفتار کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سشانت سنگھ خودکشی کیس میں اب سی بی آئی کے علاوہ ای ڈی اور نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے بھی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ چند روز قبل این سی بی کی ٹیم نے سشانت کے ہاؤس منیجر سیموئل میرانڈا کو ڈرگس سپلائی کرنے کے الزام میں ممبئی سے دو افراد کو گرفتار کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے: ریا چکرورتی کے گھر پر نارکوٹس کنٹرول ٹیم کا چھاپہ
گرفتار افراد میں سے ایک ’عبدالباسط پریہار‘ کا تعلق باندرا سے بتایا جارہا ہے جبکہ دوسرے ’زید ولاترا‘ نامی شخص کا تعلق بھارتی شہر اندھیری سے ہے۔ این سی بی کی ٹیم نے عبدالباسط پریہار کو آج عدالت میں پیش کیا تھا جس کے بعد عدالت نے 9 ستمبر تک باسط کو این سی بی کے حوالے کردیا۔
اب این سی بی عبدالباسط کو شووک چکرورتی اور سیموئل مرانڈا کے سامنے بٹھا کر پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ این سی بی کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات میں یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ شووک چکرورتی ڈرگس سپلائر عبدالباسط سے ڈرگس خریدتا تھا، لیکن ابھی یہ نہیں پتہ چل سکا ہے کہ شووک اسے آگے کسے دیتا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شووک اور ریا چکرورتی کے علاوہ ایک اور اداکار کا نام اس معاملے میں سامنے آیا ہے لیکن این سی بی نے ابھی اُس نام کا انکشاف نہیں کیا ہے۔
این سی بی کی جانب سے کی جانے والی تحقیق میں شووک چکرورتی نے اس بات کا بھی اعتراف کیا ہے کہ اُس نے اپنی بہن ریا چکرورتی کے لیے ڈرگس خریدی تھی۔
یہ بھی پڑھیے: سشانت کو ’بائپولر ڈس آرڈر‘ نامی بیماری تھی، ڈاکٹرز
نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی ٹیم سشانت سنگھ راجپوت خودکشی کیس میں مختلف پہلووں سے تحقیق کررہی ہے، گزشتہ روز ریا چکرورتی کے گھر سے این سی بی کی ٹیم کو کچھ خاص ثبوت نہیں ملے لیکن اس کے باوجود شووک اور سیموئل مرانڈا کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ریا چکرورتی کے بھائی شووک چکرورتی اور سشانت کے ہاؤس منیجر سیموئل میرانڈا کے ڈرگس سپلائر کے ساتھ رشتے کا انکشاف ہوا تھا جس کے بعد نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی پانچ رکنی ٹیم نے گزشتہ صبح اُن کے گھر پر ایک ساتھ چھاپہ مارا تھا۔
ریا چکرورتی اور اُن کے بھائی شووک چکرورتی ممبئی کے قریب ’سانتا کروز‘ نامی علاقے میں واقع فلیٹ میں ایک ساتھ رہتے ہیں۔