ماسکو( جنگ نیوز) یکم مارچ کو ممنوعہ فہرست میں شامل کی جانے والی دوا میلڈونیم پر عالمی ڈوپنگ ایجنسی کے نرم موقف نے ٹینس اسٹار ماریہ شراپووا کی کورٹس میں جلد واپسی کی راہ ہموار کردی ہے۔ گوکہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے واضح کیا ہے کہ شراپووا کے کیس کی سماعت شیڈول کے مطابق شروع ہوگی۔ لیکن واڈا کے تازہ ترین اعلان کے بعد انہیں نئی لائف لائن ملنے کی توقع ہے۔ ممنوعہ ادویہ کے سبب معطلی کی شکار ماریہ شراپووا مسلسل خبروں میں ہیں، ان کی ٹینس کورٹس میں واپسی کب ہوگی اس بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہاجاسکتا البتہ روسی ٹینس فیڈریشن کو امید ہے کہ ان کی پابندی ختم کردی جائے گی اور وہ ریو ڈی جنیرو اولمپکس میں ملک کی نمائندگی کیلیے دستیاب ہوں گی۔ روسی ٹینس فیڈریشن کے صدر نے اعلان کیا ہے کہ ماریہ کا نام اب بھی میگا ایونٹ کیلیے زیر غور دستے میں شامل ہے۔ روسی ٹینس فیڈریشن کے صدر شامل ترپشچوف نے اعلان کیا ہے کہ ماریہ کا نام اب بھی میگا ایونٹ کیلیے زیر غور دستے میں شامل ہے۔ دریں اثنا معطل ٹینس اسٹار ماریا شراپووا نے ٹنیس کی دنیا سے وابستہ افراد سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے فلمی دنیا کا رخ کردیا۔ ان کی ڈوپ ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد ساتھی کھلاڑیوں نے بھی منہ موڑ لیا لیکن ماریا شراپووا پریشان ہونے کے بجائے آج کل ہالی ووڈ اداکاروں کے ساتھ پارٹیاں مناتے ہوئے نظر آرہی ہیں۔ ماریا شراپووا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ہالی ووڈ کی شہرت یافتہ ہیلری سوانک کےساتھ اپنی تصویر شیئر کی ہے۔ انہوں نے اداکارہ الزبتھ بینکس اورہیلری سوانک سے ساتھ پارٹیوں میں شرکت کررہی ہیں۔ دوسری جانب سلواکیا کی ٹینس پلیئر ڈومنیکا سیبلکووا کا کا کہنا ہے کہ مجھے ماریا شراپووا سے کوئی ہمدردی نہیں ہے۔ ٹینس سرکٹ میں مجھے ان کی کمی ہرگزمحسوس نہیں ہوتی۔ ان کے تکبر کی وجہ سے کوئی بھی ان کو پسند نہیں کرتا۔ جمہوریہ چیک کی پیٹرا کوویٹوا کا کہنا ہے کہ ماریا شراپووا نے میلڈونیم دو استعمال کرکے بہت بڑی غلطی کی ، نتیجہ بھگتنا پڑیگا۔