قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے توشہ خانہ کیس میں نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے پر افسوس کا اظہارکیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اپنی اہلیہ کو مرتا چھوڑ کر عدالتی حکم پر سرجھکانے والے سے متعلق یہ حکم افسوسناک ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو جوہری قوت بنانے والے سے متعلق یہ حکم سُن کر عوام کودلی دکھ ہوا ہے، نواز شریف نے وزیراعظم ہوتے ہوئے بھی ہمیشہ قانون، عدالت اور احتساب کا سامنا کیا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے سپریم کورٹ کو خط لکھ کرخود کو احتساب کے لئے پیش کیا تھا، جیسے ہی نواز شریف کو ڈاکٹرز اجازت دیں گے، وہ قانون کے سامنے پیش ہوجائیں گے۔
صدر ن لیگ نے کہا کہ نوازشریف کی زندگی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔