میرپورخاص/ ڈگری / کوٹ غلام محمد (نامہ نگاران) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاق کراچی پیکیج میں اپناحصہ ڈالے اور ڈرامے بازی نہیں کرے اب کام کرے ، کراچی کیلئے دی جانےوالی رقم پوچھنے پر انہیں کیوں ہوتی ہے ، انصاف کا مذاق نہیں اڑایا جائے، انتقامی کارروائیاں کرنے والے پہلے انسان بنیں پھر سیاستدان یا وزیر اعظم بنیں، قانون ایک ہے تو پرویز مشرف اور معاونین خصوصی سے بھی ہمارے جیسا سلوک کیا جائے، ان کیخلاف جے آئی ٹی کب بنے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ کے شہروں کے دورے کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب ، اجتماع سے خطاب اور مختلف لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس کے دوران وزیراعلیٰ مراد علی شاہ، صوبائی وزراء ہری رام کشوری لال، سہیل انور سیال، میر شبیر بجارانی، سینئر پارٹی رہنما پیر آفتاب شاہ، ایم این اے محمد بخش مہر، ایم پی اے ذوالفقار شاہ، شرجیل انعام میمن، قاسم گیلانی، عاجز دھامراہ، قاسم نوید قمر، شمیم آرا پنہور، سہراب مری، منصور شاہانی اور جنید بلند بھی موجود تھے۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ واضح نظر آرہا ہے کہ نیا پاکستان میں ایک نہیں دو پاکستان ہیں، سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف توشہ خانہ کیس سمیت تمام مقدمات سیاسی اور مضحکہ خیز ہیں، میرپورخاص ڈویژن بارشوں کی تباہ کاریوں سے دوچار ہے،شاہ محمود قریشی کی ہم بہت عزت کرتے ہیں، بدقسمتی سے وہ یہاں اپنے مریدوں سے لینے آتے ہیں انہیں دینے کے لئے نہیں آتے، 18ویں ترمیم ختم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔